پی ایم یو نے بلاٹال دی کروڑوں کی زمین کے فراڈ کا ذمہ دار نئے مالکان کوٹھہرادیا

پی ایم یو نے بلاٹال دی کروڑوں کی زمین کے فراڈ کا ذمہ دار نئے مالکان کوٹھہرادیا

  



لاہور (اپنے نمائندے سے) موضع بھلائی گل میں6کنال اراضی کی فرد برائے ملکیت پرانے مالکان کو جاری کرنے والی پراوجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی انتظامیہ نے اِس سنگین غلطی کا ذمہ دار موجود مالک کوٹھہرا دیا۔سیٹلمنٹ آفیسر نے بھی ریونیو ریکارڈ طلب کرتے ہوئے پٹواری حلقہ سے اِس غلطی کی تحریری وضاحت طلب کرلی ہے۔شہریوں نے اِس سنگین غلطی کے خلاف پٹوار خانے کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان کردیا۔مزید معلوم ہوا ہے کہ موضع بھلائی گل میں6 کنال اراضی کی فرد برائے ملکیت سابقہ مالکان کو جاری کرنے پر شہریوں کی ایک قابل ذکر تعداد پروجیٹ مینجمنٹ یونٹ انتظامیہ کے خلاف ہوچکی ہے اور شہریوں نے پی ایم یو انتظامیہ کے خلاف باقاعدہ احتجاج کرنے کا اعلان بھی کردیا ہے۔دوسری جانب پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ سروس سنٹر کے انچارج محمد ثاقب کا کہنا ہے کہ مختار نامی شخص نے پرانے مالکان سے رجسٹری کروا کر گھر پر ہی رکھی ہوگی اور ریونیوریکارڈ میں انتقال درج نہیں کروایا ہوگا جس کی وجہ سے ہمارے کمپیوئزاڈ سسٹم میں ملکیت کا اندراج پرانے مالکان کے نام چلا آرہا ہے۔یہ شہریوں کی اپنی ذمہ داری ہے کہ وہ رجسٹری کروانے کے بعد انتقال کے اندراج کو بھی یقینی بنائیں تاکہ اِس طرح کے مسائل پیدا نہ ہوسکیں ۔اب یہ شہری انٹرنیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر یا سیٹلمنٹ آفیسر کی عدالت میں کیس دائر کریں۔ وہ انتقال خارج کرتے ہوئے دوبارہ اِس کی ملکیت بحال کردیں گے جبکہ سیٹلمنٹ آفیسر رانا خالد محمود نے روزنامہ”پاکستان“ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پٹواری حلقہ سے ریکارڈ طلب کرلیا گیا ہے۔ مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ پی ایم یو کا ملازم ہو یا سیٹلمنٹ کا پٹواری جو بھی ذمہ دار ہوگا اُس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔پٹواری حلقہ موضوع بھلائی گل محمد یعقوب کا کہنا ہے کہ آن لائن سسٹم کیلئے2ماہ قبل ہی پٹوار خانے کا ریکارڈ سروس سنٹر والوں کے حوالے کرچکا ہوں ۔نہ تو میں فرد جاری کرتا ہوں اور نہ ہی انتقال کا اندراج پٹوار خانے میں ہوتا ہے بلکہ اب فرد جاری کرنے اور انتقال کے اندراج کی ذمہ داری پی ایم یو سروس سنٹر کے عملے پر عائد ہوتی ہے۔ شہری محمد مختار کا کہنا ہے کہ ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے جس کی وجہ سے میں گذشتہ کئی دنوں سے ذہنی اذیت سے دوچار ہوں۔ سیٹلمنٹ آفیسر نے تو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کروا دی ہے ۔اگر اِن اہلکاروں کے خلاف بر وقت کارروائی عمل میں نہ لائی گئی تو مزید ایسی غلطیاں رونما ہوں گی جس سے سینکڑوں شہری ذہنی اذیت کا شکار ہوسکتے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1