ملک بھر کی تاجر تنظیموں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا

ملک بھر کی تاجر تنظیموں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (اسد اقبال) ملک بھر کی تاجر تنظیموںنے وفاق کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں ہر ہفتہ اضافہ کر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی ناقص معاشی پالیسیاں، بجلی، پٹرول، گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور امن وامان کی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر تاجروں کے صبرکا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔ روٹی، کپڑا، مکان کا نعرہ لگانے والی حکومت ہوش کے ناخن لے اور پٹرول کی قیمتوں میں فوری کمی کا اعلان کرے۔ بصورت دیگر تاجر سول نافرمانی کی تحریک شروع کرتے ہوئے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی جنرل سیکٹری نعیم میر نے کہا کہ تاجر برادری ہفتہ وار پٹرول کی قیمت میں اضافہ کو مسترد کرتی ردو بدل دو ماہ بعد کی جائے تاکہ مہنگائی کا سلسلہ مستحکم رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت بڑھنے سے اشیائے ضروریہ سمیت اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان کو چھونا شروع کردیتی ہیں۔ جس سے غریب کی زندگی محال بن جاتی ہے۔ قومی تاجر اتحاد پنجاب کے صدر بابر بٹ نے کہا کہ حکومت غلط فیصلے عوام پر کوہ گراں بنا کر گرارہے ہیں مہنگائی نے غریب کی زندگی اجیرن اور خودکشیوں کے رجحان میں اضافہ ناگزیر ہوتا جارہا ہے۔ تاجر برادری پٹرل کی قیمت میں اضافہ کو مسترد کرتی ہے کیونکہ اس کے اثرات ملکی معیشت کو بھی نقصان پہنچارہے ہیں حکومت فی الفور اضافہ واپس لے۔ انجمن تاجران پاکستان کے مرکزی صدر خالد پرویز نے کہا کہ حکومتی ناقص پالیسیوں سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔ مہنگائی کا ہر گھر میں ماتم ہورہا ہے۔ جبکہ حکمران عیاشیوں میں مگن قوم پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شکل میں ڈرون حملے کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تاجروں کو مزید آزمائش میں نہ ڈالے بصورت دیگر احتجاج کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔ قومی تاجر اتحاد لاہور کے جنرل سیکرٹری حافظ عابد علی اور لطیف سنٹر گلبرگ، تاجر رہنما ندیم جنجوعہ نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں ہر ہفتہ اضافہ مہنگائی کا بول بالا کررہا ہے۔ جنگل کے قانون کی طرح عوام کا جینا محال کررہے ہیں۔ فاقہ کشی سمیت خودکشیاں قوم کا مقدر بنتی جارہی ہے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ مال روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر سہیل محمود بٹ اور لاہور سینٹری ویئر ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر میاں سلیم نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے حوالے سے اپنا وطیرہ تبدیل نہ کیا تو تاجر اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ جس کے لیے تاجر تنظیموں کے اجلاس کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام دشمن فیصلے ملک کو تنزلی کی جانب دھکیل رہی ہے۔ قومی تاجر اتحاد پنجاب کے جنرل سیکرٹری میاں فیاض خالد نے کہا کہ پٹرول کی ہر ہفتہ قیمت میں اضافہ انڈسٹری کو تباہی کی جانب دھکیل دیا ہے۔ خام مال سمیت ٹرانسپورٹ اخراجات بڑھنے سے پیداواری عمل میں کمی واقع ہورہی ہے جو معیشت کے لئے نقصان دہ اور تاجروں کے لئے ناقابل برداشت ہے۔ قومی تاجر اتحاد لاہور کے صدر عرفان، اقبال شیخ اور گلبرگ بورڈ کے چیئرمین وقار حسین نے کہا کہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی کنٹرول نہیں ہورہی دوسری جانب حکومت کی جانب سے ہرہفتہ پٹرول کی قیمت میں ضافہ مہنگائی کو مزید تقویت دے رہا ہے۔ جس سے عوام میں اشتعال اور تشویش کی لہر دوڑ چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی الفور واضح کمی کا اعلان کیا جائے بصورت دیگر احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -