توہین عدالت، سیکرٹری مذہبی امور اور ایڈیشنل سیکرٹری کی طلبی

توہین عدالت، سیکرٹری مذہبی امور اور ایڈیشنل سیکرٹری کی طلبی

  



لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے حج کوٹہ کیس میں توہین عدالت کی درخواستوں پر کارروائی کرتے ہوئے سیکرٹری مذہبی امور اور ایڈیشنل سیکرٹری کو آج (منگل) طلب کر لیا۔ یہ درخواستیں نئے حج ٹور آپریٹرز نے دائر کی ہوئی ہیں۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم کے باوجود وزارت مذہبی امور نئے آپریٹروں کو کوٹہ جاری نہیں کر رہی جو توہین عدالت ہے، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وزارت مذہبی امور کے افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔ سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نئے حج آپریٹروں کو کوٹہ دینے کے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم امتناعی جاری کر رکھا ہے جس کی وجہ سے کوٹہ جاری نہ ہو سکا۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے سرکاری وکیل کے بیان کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ایسا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا جس پر چیف جسٹس عمر عطاءبندیال نے اظہار برہمی کرتے ہوئے قرار دیا کہ معاملہ اتنا پیچیدہ نہیں جتنا وزارت مذہبی امور کے افسران نے بنا رکھا ہے۔جو افسران عدالتی احکامات پر عمل درآمد میں رکاوٹ ڈالتے ہیں انھیں جیل بھجوا دیا جائے گا۔ عدالت نے کیس کی سماعت آج (منگل)تک کیلئے ملتوی کر دی۔

مزید : صفحہ آخر