لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر ڈیجیٹل سرویلنس سسٹم لگا یا جارہا ،سی سی پی او

لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر ڈیجیٹل سرویلنس سسٹم لگا یا جارہا ،سی سی پی ...

  



لاہور(وقارنگاہ خصوصی) ایڈیشنل آئی جی/سی سی پی او محمد اسلم ترین نے کہا ہے کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم11 ماڈرن چیک پوسٹوں کو ایک مرحلہ وار پروگرام کے تحت جدید ڈیجیٹل سرویلنس سسٹم سے لیس کیا جا رہا ہے۔ اولڈ و نیو راوی برج کے بعد اب سگیاں برج اور شیرا کوٹ چیک پوسٹوں میں سرویلنس سسٹم نصب کر دیا گیا ہے جبکہ بقایا پوسٹوں پر بھی یہ سسٹم جلد فراہم کر دیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ اس سے شہر میں داخل ہونے اور باہر جانے والوں کی موثر مانیٹرنگ ممکن ہو گی جس سے کرائم کنٹرول میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔یہ با ت اُنہوں نے سوموار کو سگیاں برج اور شیرا کوٹ چیک پوسٹوں میں سرویلنس سسٹم کے افتتاح کے موقع پر کہی۔اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز رائے محمد طاہر ، ایس ایس پی ڈسپلن اینڈ انسپکشن شارق کمال ،شیخوپورہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی کے صدر ملک منظور ،میڈی کیم کے جنرل منیجر ظفر باری ، معززین، اہل علاقہ ،پولیس افسران و دیگر متعلقین بھی موجود تھے۔اُنہوں نے کہا کہ ان چیک پوسٹوں پر سٹیٹ آف دی آرٹ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جن تک سی سی پی او او ر دیگر پولیس افسران اپنے لیپ ٹاپس کے ذریعے رسائی حاصل کر کے موقع کی صورتحال کی مانیٹرنگ کر سکیں گے۔ان چیک پوسٹوں کو سنٹرل کنٹرول روم سے وائرلیس لنک فراہم کیا کر دیا گیا ہے جس سے کسی بھی واردات اور دیگر اہم معلومات کی ترسیل و تبادلہ ممکن ہو گا اور جرائم پیشہ افراد کی موثر سرکوبی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔سی سی پی او نے چیک پوسٹوں پر سہولتوں کی فراہمی کےلئے میڈی کیم گروپ آف کمپنیر اور شیخوپورہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر ان پوسٹوں کے قیام کے سلسلے میں خدمات انجام دینے پر انہیں یادگاری شیلڈیں بھی پیش کی گئی۔سی سی پی او محمد اسلم ترین نے کہا کہ موثر رابطے اور پولیس کی استعداد کار میں اضافے کےلئے تمام ایس ایچ او ز و دیگر پولیس افسران کو چار سو سرکاری سمیں فراہم کر دی گئیں ہیں۔تمام تھانوں میں EVOانٹرنیٹ کنکشن سے لیس لیپ ٹاپ فراہم کرنے کے علاوہ پولیس کو پک اپ اور موٹر سائیکلیں وغیرہ بھی فراہم کی جا رہی ہیں جس سے ٹرانسپورٹ کی کمی کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔

مزید : ایڈیشن 1