صدر کی نیویارک میں ہیلری کلنٹن سے ملاقات،گستاخانہ فلم سے عالم اسلام کے جذبات مجروح ہوئے،آئندہ ایسی مذموم حرکت نہیں ہونی چاہئے:زرداری

صدر کی نیویارک میں ہیلری کلنٹن سے ملاقات،گستاخانہ فلم سے عالم اسلام کے ...
 صدر کی نیویارک میں ہیلری کلنٹن سے ملاقات،گستاخانہ فلم سے عالم اسلام کے جذبات مجروح ہوئے،آئندہ ایسی مذموم حرکت نہیں ہونی چاہئے:زرداری

  



نیو یارک(ثناءنیوز ) صدر آصف علی زرداری سے امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے نیو یارک میں ملاقات کی۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں صدر مملکت نے کہا کہ گستاخانہ فلم کی وجہ پاکستانی عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ امریکہ اس کا ادراک کرے ایک یا د و دفاتر العقل افراد کی وجہ سے عالمی امن کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا۔ ان پاگل افراد کی وجہ سے ہم یہ سوچ کر نہیں بیٹھ سکتے کہ یہ آزادی اظہار ہے صدر مملکت نے واضح کیا کہ اس قسم کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنا اور اظہار رائے کی آزادی میں فرق ہے اس فلم کی وجہ سے عالم اسلام کے لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور آئندہ اس قسم کی مذموم حرکات کا سلسلہ بند ہونا چاہیے کیونکہ یہ عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔ صدر مملکت نے ہیلری کلنٹن پر یہ بھی واضح کیا کہ ہم امریکہ سے امداد کی بجائے تجارت چاہتے ہیں لہٰذا پاکستانی مصنوعات کی امریکی منڈیوں تک رسائی کے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ اس کے علاوہ صدر مملکت نے کہا کہ ہم امریکہ کے ساتھ دفاع، سیکورٹی اور تجارت سمیت تمام شعبوں میں اپنے تعاون کو بڑھانا چاہتے ہیں لیکن یہ باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔ صدر نے یہ بھی کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کے نام پر کسی کو عالمی امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ہیلری کلنٹن نے صدر آصف علی زرداری کو میرے دوست کہہ کر مخاطب کیا ااور انہیں نئے امریکی سفیر رچرڈ اولسن سے بھی ملوایا۔

مزید : صفحہ اول