شریف برادران کی زیر صدارت امن و امان کے بارے میں اجلاس

شریف برادران کی زیر صدارت امن و امان کے بارے میں اجلاس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا‘ اجلاس میں تمام ڈی سی اوز نے یوم عشق رسول ﷺ کے حوالے سے اپنی رپورٹس پیش کیں جبکہ اس موقع پر نا خوشگوار واقعات کے محرکات کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی بھی قائم کی گئی ‘ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم نومبر کو لاہور میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس منعقد کی جائیگی جس کی صدارت نواز شریف کرینگے ۔ ماڈل ٹاﺅن میں منعقد ہونےوالے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے بتایا کہ اجلاس میں پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ عالمی سطح پر کسی بھی مذہب کی مقدس ہستی کی توہین کو جرم قرار دئیے جانے جانے کی کوششوں کو تیز کیا جائے اور دنیا کو باور کرایا جائے کہ اسلام کے حوالے سے توہین آمیز رویہ دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہے جبکہ اجلاس میں گستاخانہ فلم کی مذمت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنی نا اہلی چھپانے کے لئے پنجاب حکومت پر الزام تراشی کر رہی ہے ،رحمان ملک بتائیں کہ اسلام آباد میں اگر پنجا ب سے لوگ گئے تھے توپشاور اور کراچی میں کن لوگوں نے ہنگامہ آرائی کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوم عشق رسول ﷺ کے موقع پر ہنگامہ آرائی کے دوران ایسے لوگ بھی مارے گئے جن کے سینے میں عشق رسولﷺ تھا ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یوم عشق رسول ﷺکے موقع پر صوبہ پنجاب میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم نقصان ہوا ۔

مزید :

صفحہ اول -