محتسب پنجاب نے انسداد ِڈینگی اہلکاروں کو تنخواہیں نہ ملنے کا نوٹس لے لیا

محتسب پنجاب نے انسداد ِڈینگی اہلکاروں کو تنخواہیں نہ ملنے کا نوٹس لے لیا

  

لاہور (خبر نگار) محتسب پنجاب جاوید محمود نے صوبے کے 6اضلاع میں انسداد ڈینگی مہم میں شریک 2589اہلکاروں کو تین ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہونے کا نوٹس لے لیا ہے اوراس ضمن میں سیکریٹری محکمہ صحت اورڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب کو نوٹس جاری کردئےے ہیں ۔محتسب پنجاب نے ایڈوائزر وزیر احمد قریشی کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ سنگین بدانتظامی کی انکوائری کریںاورملازمین کو عید الاضحی سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں ۔تفصیلات کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ ، راولپنڈی ، ملتان ، شیخوپورہ اورفیصل آباد کے اضلاع میں انسدادڈینگی مہم کیلئے کام کرنے والے ملازمین نے فیس بک کے ذریعے محتسب پنجاب سے اپیل کی کہ انہیں تین ماہ سے تنخواہوںمحروم رکھا جارہا ہے اور عیدالفطر کے موقع پر بھی انہیںتنخواہیں نہیں دی گئی تھیں جبکہ عیدالاضحی بھی تنخواہوں کے بغیر ہی گذرنے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے 6اضلاع میں 2589 ملازمین دلجمعی سے انسداد ڈینگی مہم کیلئے کام کررہے ہیں اوراس ضمن میں آمدورفت کیلئے اخراجات بھی اپنی جیب سے ادا کررہے ہیں ۔ملازمین نے اپیل میںوضاحت کی کہ انسداد ڈینگی مہم کیلئے کام کرنے والوں میں انٹمالوجسٹ، انوائرنمنٹ انسپکٹرز، پروگرام منیجرز، سپروائزرز، کمپیوٹر ٹیکنیشنزاورروزانہ گھر گھر جاکر ڈینگی سرویلینس پر مامور خواتین کی کثیر تعداد شامل ہے۔ انسداد ڈینگی مہم کیلئے کام کرنےو الے ملازمین نے کہا کہ انہوں نے اپنی تنخواہوں کیلئے تمام متعلقہ حکام سے رابطہ کیا لیکن کسی نے بھی اس معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا اس کے باوجود وہ دن رات کام کررہے ہیں اورحکومت ان کی خدمات کا اعتراف بھی کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ان کی دوسری عید بھی تنخواہوں کے انتظار میں گذرگئی تو یہ بڑی بدقسمتی ہوگی۔محتسب پنجاب جاوید محمود نے کہا کہ ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی مجاز افسران کی ذمہ داری ہے اور انسدادڈینگی مہم کیلئے کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہوں کی تین ماہ سے عدم ادائیگی بدانتظامی کے زمرے میں آتی ہے ۔

محتسب پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -