پولیس نے فراڈ کے 2 اہم ملزموں کو گرفتار کر لیا ساتھیوں نے فائرنگ کرکے چھڑا لیا پولیس افسر شدید زخمی
لاہور(کر ائم سیل) شاہدرہ کے علاقہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فراڈ کے دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے ساتھیوں نے فائرنگ کر کے گرفتار ملزمان کو چھڑا لیا، ملزمان اور ان کے ساتھی فرار، فائرنگ سے پولیس افسر زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچادیا گیا ۔بتایا گیا ہے کہ کراچی پولیس کوامامیہ کالونی ریلوے پھاٹک کے قریب چھپے فراڈ کے دو اہم ملزمان کی تلاش تھی جن کو رات گئے کراچی کی اورنگی ٹاؤن پولیس کے ایک افسر خان محمد آفریدی نے اپنے ایک ملازم اور مقامی پولیس کی مدد سے امامیہ کالونی پھاٹک کے علاقہ سے چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا ۔بعد ازاں مقامی پولیس کے ملازم ملزمان کی گرفتاری اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد واپس چلے گئے۔ خان محمد اور اس کے ساتھ آئے پولیس ملازم نے ملزمان عظمت علی اور اسد کو ٹیکسی میں بٹھایا اور اسٹیشن کے لئے روانہ ہوئے،وہ ابھی پھاٹک کے قریب پہنچے ہی تھی کہ گرفتار ملزمان کے چار ساتھیوں نے جو موٹر سائیکلوں پر سوارتھے، گاڑی پر فائرنگ کر دی جس سے پولیس افسر خان محمد آفریدی شدید زخمی ہو گیا۔ ملزمان اپنے ساتھیوں اسد اور عظمت کو پولیس کی حراست سے چھڑا کر لے گئے۔ اطلاع ملنے پرتھانہ فیروز والا پولیس موقع پر پہنچی اور کراچی پولیس کے زخمی آفیسر کو فوری طور پر مقامی ہسپتال پہنچایا جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جبکہ ملزمان کی تلاش میں پورے علاقہ میں سرچ آپریشن اور چھاپے مارنے شروع کر دئے ہیں۔