ساندہ،تیز رفتار کارکی پھل فروش کو ٹکر،کار سوار موقع سے فرار
لاہور(کرائم سیل) ساندہ کے علاقہ میں پھل فروش کو تیز رفتار کار نے کچل ڈالا،کار سوار موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا،ریسکیو اہلکاروں نے فوری موقع پر پہنچ کر زخمی کو قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا جبکہ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پرانا ساندہ گلی نمبر 5کا رہائشی محمد اشفاق ساندہ سٹاپ پرفروٹ کی ریڑھی لگاتا تھا۔نمائندہ ’’پاکستان‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے اس نے بتایا کہ گزشتہ روز وہ اپنی ریڑھی کے ساتھ مین روڈ کراس کر رہا تھا کہ ایک تیز رفتار کلٹس نے اسے ٹکر مار دی جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو گیا اور فٹ پاتھ پر سر لگنے کی وجہ سے اس کا سر مکمل طور پر پھٹ گیا۔کار سوار ٹکر مارنے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا ۔راہگیروں نے ریسکیو کو کال کی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر زخمی کو طبی امداد دے کر ہسپتال منتقل کیا جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے کار سوار کی تلاش شروع کر دی ہے۔