اڈیالہ جیل میں پولیس اہلکار کی فائرنگ، سزائے موت کا قیدی زخمی
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) اڈیالہ جیل میں پولیس اہلکار نے سزائے موت کے قیدی پر فائرنگ کردی جس سے وہ زخمی ہوگیاجبکہ جیل میں سیکیورٹی الارم بجادیئے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق یوسف نامی پولیس اہلکار جیل کے اندر پستول لے جانے میں کامیاب ہوگیا اور سزائے موت کے قیدی پر فائرنگ کردی جو مجرم اصغر کے بازوکو چھوکرگزرگئی جس کے بعد اُسے جیل ہسپتال میں منتقل کردیاگیا۔ایس ایچ اوتھانہ صدبیرونی کے مطابق قیدی کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔
جیل ذرائع کے مطابق کسی اہلکار کو اندر اسلحہ لے جانے کی اجازت نہیں ہوتی لیکن وردی میں ہونے کی وجہ سے اہلکارکی تلاشی نہیں لی گئی جس نے جوتوں میں پستول چھپارکھاتھا۔ اہلکاریوسف نے جیل کے اندر لانگ جوتوں سے پستول نکال کر تان لیا جسے دیگر اہلکاروں نے پکڑلیاتاہم چلنے والی گولی قیدی کے بازوکو چھوگئی ۔
جیل ذرائع کاکہناتھاکہ فائرنگ کے بعد سیکیورٹی الارم بجادیئے گئے اورتمام اہلکاروں کو ایک جگہ اکٹھاکرکے تلاشی لی جارہی ہے جبکہ فائرنگ کرنیوالے اہلکاریوسف سے پوچھ گچھ جاری ہے ، جس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی تاہم ابتدائی طورپر فائرنگ کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ۔