منٰی میں رمی جمرات سے پہلے بھگدڑ ،7پاکستانیو ں سمیت717حجاج شہید،863زخمی

منٰی میں رمی جمرات سے پہلے بھگدڑ ،7پاکستانیو ں سمیت717حجاج شہید،863زخمی

منیٰ،مکہ مکرمہ اسلام آباد (آئی این پی،آ ن لا ئن،اے این این ،ما نیٹرنگ ڈیسک)منیٰ میں رمی جمرات کے دوران بھگدڑمچنے سے7 پاکستانیوں سمیت717 حجاج شہید اور 863 زخمی ہوگئے،واقعہ منیٰ میں مکتب نمبر93کے قریب شیطان کو کنکریاں مارنے کے دوران پیش آیا،اس مکتب میں الجرائر اور مصر کے حاجی مقیم تھے،صدر ممنون حسین ،وزیر اعظم نواز شریف، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ، قائمقام سپیکر اسمبلی ، عمران خان ، آصف زرداری ، مولانا فضل الرحمان ، مولانا سمیع الحق ، وزیراعلیٰ پنجاب ، سندھ ،خیبر پختونخوا اور بلوچستان سمیت دیگر سیاسی ومذہبی شخصیات نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا ء کے خاندانوں سے گہری ہمدردی کااظہار کیاہے ۔ سعودی محکمہ شہری دفاع کے مطا بق منیٰ میں رمی جمرات کے دوران بھگدڑمچنے سے717 حجاج شہید ہوگئے جبکہ 863 افراد زخمی ہو ئے ۔شہدا میں 100 بھارتی اور 43ایرانی شہری بھی شامل ہیں ۔ حادثہ حج کے آخری مناسک بڑے، درمیانے اور چھوٹے شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے موقع پراسٹریٹ نمبر 204 میں مکتب نمبر 93 کے قریب پیش آیا جہاں زیادہ تر الجزائر اور مصری حجا ج موجود تھے۔ جبکہ شہداء میں مجموعی طور پر مختلف قوموں کے افراد شامل ہیں ۔حادثے کے بعد فوری طور پر امدادی کام شروع کردیا گیا اور زخمیوں کو منیٰ جنرل ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔مکہ مکرمہ کے گورنر خالد الفیصل نے حادثے کے بعد جائے وقوعہ کا دورہ کیا،اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حادثے کی تفتیش کراکے وجوہات منظر عام پر لائی جائیں گی۔دوسری جانب سعودی سیکیورٹی اداروں نے حادثے کی جگہ جانے والے راستے بند کر دئیے اور جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی اور حادثے سے متعلق مختلف پہلووں پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے حادثا ت سے بچا جا سکے ،پاکستانی ڈی جی حج ابو احمد عاکف کاکہنا ہے بھگدڑ مچنے کے واقعے میں 7 پاکستانی حجا ج بھی شہید ہوئے ۔ سعودی سول ڈیفنس نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ سانحہ کے بعد 4000 ریسکیو اہلکار اور 200 ایمبولینسز امدادی کاموں میں مصروف ر ہیں۔ تمام قریبی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے ۔ سانحہ منیٰ کے بعد پاکستانی سفارتخانے اور حج ڈائریکٹوریٹ نے پاکستانی عازمین حج کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کیلئے ہیلپ لائن قائم کر دی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی حاجیوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کیلئے ان کے عزیز سعودی عرب کے ٹیلیفون نمبر 00966125277537 پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں اور سفارتی عملے سے ضروری معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ صدر ممنون حسین ، وزیر اعظم نوازشریف، چیئرمین سینیٹ رضاربانی ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری ، قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی ، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ، پیپلزپارٹی کے رہنما بلاول بھٹو زرداری ،آصف علی زرداری ، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ،جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق ، امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق ، مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں چوہدری شجاعت ، پرویز الٰہی ، پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری ،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک ، سندھ کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ ، وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک اور دیگر نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کیلئے دعائے مغفرت کی ہے۔وزیراعظم نے وزارت مذہبی امور کو زخمی پاکستانیوں کی فوری امدا د کرنے کی ہدایت کی ہے ۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ منیٰ حادثے کی تفصیلات حاصل کر نے کیلئے سفارتخانے سے رابطے میں ہیں۔

مزید : صفحہ اول