عیدالاضحی ملت کیلئے ہر قربانی کا درس دیتی ہے،چودھری شجاعت،پرویز الہٰی
لاہور (جنرل رپورٹر ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے عیدالاضحی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالاضحی ہمیں ایمان، ملک اور ملت کیلئے ہر قربانی کا درس دیتی ہے، مادرِوطن کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور پاک فوج کی قربانیوں کی بدولت ہی پاکستان قائم و دائم ہے۔ عیدالاضحی پر اپنے اپنے پیغامات میں انہوں نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ رب تعالیٰ نے ہمیں ایک آزاد اور خودمختار ملک میں ایک بار پھر سنت ابراہیمی پر عمل کرنے کا موقع دیا، سنت ابراہیمی مستحقین، غرباء، بیواؤں، یتیموں، مسکینوں اور ناداروں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کا درس دیتی ہے۔دریں اثناء چودھری شجاعت حسین، سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے منیٰ میں حادثہ میں حاجیوں کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حرم شریف کے بعد اس حادثہ پر ہر کلمہ گو کا دل بوجھل ہے اور عید کی خوشیاں ماند پڑ گئی ہیں۔