پابندی کے باوجود شہر بھر میں سر ی پائے بھوننے والی بھٹیاں قائم

پابندی کے باوجود شہر بھر میں سر ی پائے بھوننے والی بھٹیاں قائم

لاہور (جاوید اقبال) ضلعی انتظامیہ کی طرف سے پابندی کے باوجود شہر بھر میں سری پائے بھوننے کی عارضی بھٹیاں قائم کر دی گئی ہیں بعض مقامات پر دارونِ خانہ اور اکثر جگہوں پر سر عام شہریوں کا نظام تنفس تباہ کرنے اور فضائی آلودگی پھیلانے کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں یوں دفعہ 144 کی دھجیاں بکھیرنے کی تیاریاں فائنل کر لی گئی ہیں ضلعی انتظامیہ نے 9 ٹاؤنوں کی انتظامیہ سمیت 150 یونین کونسلوں کے سیکرٹری کو ٹاسک دیا تھا کہ قربانی کے جانوروں کے سری پائے بھوننے کی اجازت نہ دی جائے اور شہر میں قبل از وقت قائم کی گئی بھٹیوں کو لگانے نہ دیا جائے اسی مقصد کے لئے شہری سری پائے بھوننے اور بھٹیاں لگانے پرپابندی کے ساتھ ساتھ دفعہ 144 نافذ کی گئی مگر ٹاؤنوں کی انتظامیہ اور یونین کونسلوں کے سیکرٹریز یہ ذمہ داری پوری کرنے میں بری طر ح ناکام ہو گئے ہیں۔ سب سے زیادہ بھٹیاں راوی ، واہگہ اور گلبرگ ٹاؤن کے علاقوں میں لگائی گئی ہیں راوی ٹاؤن کی حدود میں کھلے عام سری پائے بھوننے کی بھٹیاں لگائی گئی ہیں

نیلم سنیما چوک، لاری اڈہ، اندرون شہر کے گلی کوچوں میں بھٹیاں بنا لی گئی ہیں شاد باغ، بادامی باغ، کھوکھر ٹاؤن، چاہ میراں، بھگت پورہ میں سڑکوں کے کنارے اور چوکوں میں بھٹیاں قائم ہو گئی ہیں۔ اقبال ٹاؤن میں بھی درجنوں مقامات پر بھٹیاں قائم ہیں جو آج شہر کی فضا دھواں، دھواں کریں گی۔ اس حوالے سے ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) عثمان کا کہنا ہے کہ سری پائے بھوننے پر پابندی عائد ہے جو آج ایسا کرے گا کارروائی ہو گی۔

مزید : علاقائی