چیئر مین بورڈ کی ہدایت پر، انٹرمیڈیٹ کے امتحانی مراکز پر چھاپے،5امیدوارنقل کرتے پکڑے گئے

چیئر مین بورڈ کی ہدایت پر، انٹرمیڈیٹ کے امتحانی مراکز پر چھاپے،5امیدوارنقل ...

لاہور(خبرنگار) چیئرمین لاہور بورڈ پروفیسر محمد اسماعیل چوہدری نے کہا ہے کہ امتحانات کے دوران بوٹی مافیاکا مکمل خاتمہ اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی براداشت نہیں کی جائے گی ۔ امتحانی سنٹروں کی فول پروف سیکیورٹی اور امتحانی سنٹرز کے ارد گرد دفعہ 144 کا نفاذ جبکہ مشکوک افرادپر کڑی نظر رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میٹرک کے ضمنی امتحان 2016 کے پرچہ انگریزی کے دوران امتحانی سنٹروں پرچھاپوں کی پیش ہونے والی رپورٹ پراحکامات جاری کرتے ہوئے کیا ۔ تفصیلات کے مطابق بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈر ی ایجو کیشن لاہور کے زیر اہتمام میٹرک ضمنی امتحان 2016کے سلسلہ میں انگریزی کا پرچہ لاہور میں واقع37 امتحانی مراکز میں ہو ا۔ اس موقع پر چیئرمین سیکنڈری بورڈ محمد اسماعیل چودھری کی ہدایت پر 50 موبائل انسپکٹر ز نے رائیونڈ، وحدت روڈ، ماڈل ٹاؤن ، اقبال ٹاؤن اور امتحانی مرکز لارنس روڈ سمیت باغبانپورہ اور شہر کے دیگر علاقوں میں واقع امتحانی مراکز پر چھاپے مارے ۔ اس موقع پر چیئرمین سیکنڈری بورڈ کی ہدایت پر کنٹرولر امتحانات پروفیسر ناصر جمیل نے وحدت روڈ کے امتحانی مرکز کا دورہ کیا ۔ دوران انسپکشن گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری سکول وحدت روڈ ‘ لاہور میں قائم امتحانی مراکز پر چھاپہ مارا جہاں پر دو جعلی اور تین امیدواران نقل کرتے ہو ئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔ جس میں محمد طارق رولنمبر 130123کی جگہ محمد سلیم اور معظم علی رولنمبر 130108کی جگہ محمد عقیل امتحان دے رہے تھے جن کو موقع سے پکڑ کر تھانہ علامہ اقبال ٹاؤن میں پرچہ درج کروا کر بندکر دیا گیا جبکہ امیدوار محمد رؤف رولنمبر 130154‘ علی حسن رولنمبر 130058اوور محمد وسیم رولنمبر 130262دوران امتحان نقل کرتے ہو ئے پکڑے گئے جن کے خلاف ناجائز ذرائع کے کیسز بنا دیئے گے ۔ اسی طرح کنٹرول امتحانات اور موبائل انسپکٹروں نے لارنس روڈ امتحانی مراکز اور ماڈل ٹاؤن سمیت باغبانپورہ اور شہر کے دیگر علاقوں میں واقع امتحانی مراکز پر بھی چھاپے مارے۔ ا س موقع پر کنٹرولر امتحانات نے امتحانی مراکز کے مختلف سپرنٹنڈنٹس، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس اور نگران عملہ کی سست روی پائی جانے پر ان کی زبردست سرزنش کی اور اس موقع پر کنٹرولر امتحانات نے کہا کہ تمام امیدواران کا فوٹو فائل کے ساتھ موازنہ کیا جائے اور امتحان شروع ہو نے سے پہلے جامہ تلاشی کو یقینی بنایا جائے ۔ دریں اثناء چیئرمین لاہور بورڈپروفیسر محمد اسماعیل چودھری کو میٹرک کے ضمنی امتحان کے امتحانی مراکز میں بوٹی مافیا، سیکیورٹی اور سہولتوں سمیت وہاں پر پائی جانے والی صورتحال کے بارے رپورٹ پیش کی گئی جس پر چیئرمین سیکنڈری بورڈ پروفیسر محمد اسماعیل چودھری نے کہا کہ امتحانی سنٹروں میں بوٹی مافیا کے کلچر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر امتحانی مراکز کی نگرانی اور امتحانی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے قائم کئے گئے 50 سے زائد موبائل انسپکٹروں کو احکامات جاری کئے کہ وہ امتحانی مراکز کی فول پروف سیکیورٹی کی روزانہ کی بنیاد پر اپنی انسپکشن کریں،بوٹی مافیا کا مکمل خاتمہ کر کے دم لوں گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...