30ستمبر حکمرانوں کے خلافریفرنڈم ثابت ہو گا،زمان نصیب
لاہور (پ ر) تحریک انصاف کے رہنما ملک زمان نصیب نے کہا ہے کہ (ن) لیگ اپنے کارکنوں کو ڈنڈے او ر گنڈاسے پکڑا کر ہمیں رائے ونڈ جانے سے نہیں روک سکتی ، 30 ستمبر کو رائیونڈ میں پورے پاکستان سے لاکھوں عوام کی شرکت کرپٹ حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوگا، اگر حکمرانوں نے ہمارے پر امن احتجاج اور جلسے میں رکاوٹیں ڈالنے اور بدمعاشی کرنے کی کوشش کی تو پھر دمادم مست قلندر ہو گا جو حکمرانوں کی سیاسی موت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔ملک زمان نصیب نے کہا کہ حکومت ہمارے پرامن مارچ کو محفوظ بنانے اور سیکورٹی کا بندوبست کرنے کی بجائے اپنے غنڈوں کو تیار کر رہی ہے، ان کے وزیر ٹی وی چینلوں پر آکر ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں ان کا بنیادی مقصد ہمارے کارکنان اور پاکستان کے ان لوگوں کے دلوں میں خوف پیدا کرنا ہے جو ہمارے جلسے میں آنے کے لیے خود کو تیار کر رہے ہیں مگر یہ( ن )لیگ والے اس بات کو نہیں جانتے کہ پاکستان کی عوام ان کے حکمرانوں سے سخت نالاں ہیں وہ اپنا حق لینے اور حکمرانوں کو واپس بھیجنے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمران اپنی کرپشن کو چھپانے اور بچانے کے چکر میں ملک اور قوم کو برباد کرنے پر تلے ہوئے ہیں، تحریک انصاف نے کرپشن کے احتساب کا بیڑا اٹھایا ہے ۔