الزائمر کے عالمی دن پر کنیئرڈ کالج میں باسکٹ بال میچ  کا انعقاد

الزائمر کے عالمی دن پر کنیئرڈ کالج میں باسکٹ بال میچ  کا انعقاد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

باسکٹ بال کا شمار دنیا کے مقبول ترین کھیلوں میں ہوتا ہے ، امریکہ اور یورپ میں اس کھیل سے وابستہ کھلاڑی اور آفیشلز کروڑوں میں کھیلتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں یہ کھیل ہمیشہ سیاست کا شکار رہا ہے،جس کے باعث بہت سے باصلاحیت کھلاڑی ضائع ہوگئے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی کاوشوں سے حال ہیں میں پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کا تنازعہ حل ہوا جس کے بعد ملک میں کھیل کی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوگئیں۔ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے صدر رشید ملک اور سیکرٹری خالد بشیر نے تنازعہ طے ہوتے ہی ملک بھر میں باسکٹ بال کی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے،جس میں مردو خواتین دونوں کے ایونٹس شامل ہیں۔ باسکٹ بال کے فروغ کے لئے پاکستان کا ایک اہم نام سید مودود جعفری کا ہے جن کا خاندان گزشتہ چار دہائیوں سے اس کھیل کے ساتھ منسلک ہے مشکل حالات میں بھی انہوں نے باسکٹ بال سے علیحدگی اختیار نہ کی اور ڈان باسکو سکول میں مختلف ایونٹس کا انعقاد کرتے رہے۔اس حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے سید مودود جعفری کا کہنا تھا کہ ماضی میں پاکستان کا باسکٹ بال کے کھیل میں اہم مقام تھا اور ہم ایشیاء میں جاپان اور چین جیسی مضبوط ٹیموں کو ٹف ٹائم دیا کرتے تھے، لیکن اندرونی سیاست نے ملک میں کھیل کا سٹرکچر تباہ کر کے رکھ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طویل عرصہ بعد دوبارہ پاکستان میں باسکٹ بال کے لئے سازگار حالات پیدا ہوئے ہیں جس سے ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہوگا تاہم ہمیں ایک بات ذہن نشین کرلینی چاہئے دُنیا ہم سے بہت آگے نکل چکی ہے کھیلوں کو سیاست کا شکار کرکے ہم نے اپنے ہی پیروں پر کلہاڑی مارچکے ہیں اور دوبارہ کامیابی کے حصول کے لئے ہمیں طویل سفر طے کرنا پڑے گا۔باسکٹ بال کے کھیل کو دوبارہ عروج پر لے جانے کی کوششوں کے سلسلہ میں ہی گزشتہ دنوں الزائمر کے عالمی دن کے موقع پر کنیرڈ کالج میں نمائشی باسکٹ بال میچ کا انعقاد کیا گیا جس میں لاہور ڈسٹرکٹ کی ٹیم نے لاہور لیکرز کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے دی۔ الزائمر پاکستان کے زیر اہتمام لاہور ڈسٹرکٹ ویمن باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے تعاون سے کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں کی خواتین کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیالیکن لاہور ڈسٹرکٹ کی ٹیم نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے سخت مقابلے کے بعد 34 کے مقابلے 38 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کرلی۔فاتح ٹیم کی جانب سے مہرو خان 14 پوائنٹس کے ساتھ میچ کی ٹاپ سکورر رہیں، جبکہ دانیہ فاطمہ نے چھ پوائنٹس بنائے ، لاہور لیکرز کی سیدہ آمنہ دس اور زینب علی نے پانچ پوائنٹس سکورکئے۔ مہمان خصوصی الزائمر پاکستان کے صدر ضیاء حیدر رضوی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضیاء حیدر رضوی کا کہنا تھاکہ اس وقت پاکستان میں دس لاکھ سے زائد افراد الزائمر کے مرض سے متاثرہیں جن میں اکثریت بزرگوں کی ہے ہم حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ اس مرض میں مبتلا افراد کے علاج اور بحالی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔

مزید :

ایڈیشن 2 -