دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے اقوام عالم مشترکہ کوششیں کرنا ہونگی: شہباز شریف

دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے اقوام عالم مشترکہ کوششیں کرنا ہونگی: شہباز ...

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے امریکہ کے سفارت خانے کے ڈپٹی چیف آف مشن جوناتھن پریٹ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے ویژن کے مطابق فلاحی ریاست بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور اس مقصد کیلئے وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں منزل کی جانب رواں دواں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور کوئی ملک یا قوم اسے تنہا حل نہیں کرسکتی۔ دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے اقوام عالم کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تحمل، برداشت اورمیانہ روی پر مبنی معاشرے کی تشکیل ہمارا مشن ہے ۔لاہور میں تعینات امریکی قونصل جنرل یوری فیڈکیو اور اکنامک قونصلر رابرٹ گرویرک بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ سے برطانیہ کے ہائی کمشنرتھامس ڈریونے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور ،دوطرفہ تعلقات کے فروغ اورمقبوضہ کشمیر کی صورتحال پرتبادلہ خیال ہوا۔برطانوی ہائی کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت میں صوبہ پنجاب تیزی سے ترقی کررہا ہے اورانہوں نے عوام کی فلاح وبہبود اورسماجی شعبوں کی بہتری کیلئے شاندار اقداما ت کیے ہیں ۔ شہباز شریف کی لیڈر شپ کے باعث تعلیم،صحت اوردیگر سماجی شعبے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی وزیراعظم تھریسا مئے نے بھی پنجاب کی تیزرفتار ترقی کی تعریف کی ہے اوروزیراعلیٰ شہبازشریف پہلے غیر ملکی رہنماء ہیں جنہوں نے تھریسامئے کو وزرات عظمی کے عہدے پر نامزدگی کے بعد فون کر کے مبارکباد دی اوران کے لئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔ برطانیہ کی وزیراعظم تھریسا مئے کے اگلے برس پاکستان کے دورہ کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ باقی ملکوں کی طرح ہم بھی چاہتے ہیں کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان کشیدگی کم ہواوربرطانیہ کو بھی موجودہ صورتحال پر تشویش ہے۔ پاکستان پرامن ملک ہے اورہم خطے میں پائیدار امن چاہتے ہیں۔برطانیہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے (DFID)کے صوبائی نمائندے بن فرینچاورڈیفڈ کی نئی صوبائی نمائندہ روتھ گراہم بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ وزیر اعلیٰ کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ معدنیات کی کارکردگی،قدرتی وسائل کی تلاش، صنعتی سرگرمیوں کے فروغ اور پنجاب منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی تنظیم نو کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور کانوں کی لیزنگ کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے خودمختار اتھارٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ قدرتی وسائل سے استفادہ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور یہی وجہ ہے کہ قدرتی وسائل سے استفادہ کیلئے محکمہ معدنیات کو جدید خطوط پراستوار کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی تنظیم نو کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے صوبے کے مائننگ ایریاز کا جامع سروے کیا جائے۔سروے میں ان علاقوں کا تعین کیا جائے جہاں صنعتی سرگرمیوں کیلئے سازگار ماحول ہے۔ سروے کیلئے دنیا کی بہترین بین الاقوامی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جائیں۔ محکمہ معدنیات اور پنجمن قدرتی وسائل کی تلاش اور اپنی صلاحیت میں اضافہ کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرے۔اجلاس میں سیکرٹری معدنیات نے محکمہ کی کارکردگی، قدرتی وسائل کی تلاش اورمختلف امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خان، چوہدری شیر علی،چوہدری محمد شفیق، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری ماحولیات اور متعلقہ سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول


loading...