اُڑی حملے کا بدلہ لیں گے، پاکستان کو دنیا میں تنہا کر دینگے، مودی کی گیدڑ بھبکی

اُڑی حملے کا بدلہ لیں گے، پاکستان کو دنیا میں تنہا کر دینگے، مودی کی گیدڑ ...

نئی دہلی(ا ے این این،آن لائن،آئی این پی،مانیٹرنگ ڈیسک )بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے اُڑی حملے کاالزام پاکستان پردہراتے ہوئے کہاہے کہ بھارت اس حملے پرہمسایہ ملک کوکبھی معاف نہیں کرے گا،ہزارسال تک لڑنے کیلئے تیارہیں ،ایشیاء میں صرف ایک ہی ملک ہے جوترقی نہیں دہشت گردی اورخونریزی چاہتاہے ، اسے عالمی سطح پرتنہاء کرنے کیلئے کوئی کسراٹھانہ رکھیں گے ، ہم پاکستان سے نہیں غربت اوربے روزگاری لڑناچاہتے ہیں ، ہمسایہ ملک بھی اس طرف توجہ دے ، دیکھتے ہیں یہ جنگ کون جیتتاہے ۔ریاست کیرالہ میں بھارتیہ جنتاپارٹی(بی جے پی) کی قومی کونسل کے تین روزہ اجلاس سے خطاب میں نریندرمودی نے روایتی الزام دہراتے ہوئے کہاکہ پاکستان دنیامیں دہشت گردی پھیلارہاہے یہ ایشیاء کاواحدملک ہے جوترقی نہیں بلکہ دہشت گردی اورخونریزی چاہتاہے ۔انہوں نے کہاکہ اوڑی حملے میں پاکستان کے لوگ ہی ملوث ہیں بھارتی عوام میں بہت غم وغصہ ہے ہم اوڑی حملے کوکبھی نہیں بھولیں گے نہ ہی اس حملے کے ذمہ دارملک کومعاف کریں گے ۔ انہوں نے 18فوجی اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی پاکستا ن کوعالمی سطح پرتنہاء کریں گے اوراس حوالے سے کوئی کسراٹھانہ رکھی جائے گی تاہم انہوں نے پاکستان کے ساتھ جنگ کے امکان کومسترد کرتے ہوئے کہاکہ ہم لڑنے کیلئے تیارہیں لیکن پاکستان سے نہیں بلکہ غربت،بے روزگاری اورجہالت کے خلاف لڑیں گے۔پاکستان اوربھارت کو جنگ کرنے کے بجائے غربت ،بے روزگاری اورغذائی قلت کے خاتمے کیلئے کوششیں کرنی چاہئیں دیکھتے ہیں یہ جنگ کون جیتتاہے۔ نریندرمودی نے کہاکہ پاکستان اوربھارت ایک ہی وقت میں آزادہوئے تھے لیکن آج بھارت سافٹ ویئربرآمدکررہاہے جبکہ پاکستان دہشت گردی برآمدکررہاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی حکومت کشمیرکے عوام کوگمراہ کررہی ہے ہمسایہ ملک کے رہنماء کہتے ہیں کہ وہ ہزارسال تک بھارت سے لڑیں گے لیکن اب تک انہوں نے کیاکھویا ہم اس چیلنج کوقبول کرتے ہیں۔انہوں نے پاکستا ن کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آزادکشمیرآپ کے ساتھ ہے آپ اسے نہیں سنبھال سکتے اس سے پہلے بنگلہ دیش آپ کے ساتھ تھاآپ اسے نہیں سنبھال سکے آپ آزادکشمیر،سندھ،گلگت بلتستان اوربلوچستان کوسنبھالنے کے قابل نہیں اوربات کشمیرکررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وہ پاکستان کے عوام کویاددلاناچاہتے ہیں کہ 1947میں تقسیم سے پہلے ان کے اباؤاجدادبھارت کو اپنی سرزمین اوروطن سمجھتے تھے اس کی پوجاکرتے تھے ۔ بھارتی وزیراعظم نے کہاکہ ہم دہشت گردی سامنے ہارنہیں مانیں گے بلکہ اسے شکست دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی افغانستان اوربنگلہ دیش سمیت بھارت کے دیگرہمسایوں کوبھی متاثرکررہی ہے ۔دنیامیں جب بھی دہشت گردی کی خبر آتی ہے توساتھ یہ خبربھی ہوتی ہے کہ دہشت گرد ہمارے پڑوس سے آئے تھے یاجیسے اسامہ بن لادن کاٹھکانہ وہاں ملا۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ بی جے پی نے کیرالہ کی تقدیربدل دی ہے اوراس ریاست کوملک کی نمبرایک ریاست بنائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ان کی جماعت عوام کی فلاح وبہودکیلئے پرعزم ہے ۔

لاہور(آن لائن ،مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ‘بھارت کی گیدڑ بھبکیوں سے ڈرنے والا نہیں ٗہندوستان کی اتنی جرأت نہیں کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ بھی اٹھا کر دیکھے ٗمسلح افواج وطن عزیز کا دفاع بھرپور طریقے سے کرنا جانتی ہیں اورپوری قوم مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ٗپوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے ۔ وہ گزشتہ روز یہاں سکائی ایل ای ڈی پرائیویٹ لمیٹڈ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔اس موقع پر سکائی ایل ای ڈی کے عہدیداران سمیت دیگر بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ اڑی حملہ بھارت کی کشمیر سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج وطن عزیز کے چپے چپے کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی کا رویہ پاکستان دشمنی کا جنون ہے اورخدا ناخواستہ اگر بھارت نے کوئی بھی حرکت کی تو پاکستان اس کا منہ توڑ جواب دے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو 30ستمبر کو رائے ونڈ میں جلسے کے حوالے سے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اپنے سیاسی طریقہ کار پر نظرثانی کریں اور سنجیدہ سیاست کریں کیونکہ وہ اپنے رویوں کی وجہ سے اس نتیجے پر پہنچے ہیں، عمران خان نے ہر معاملے پر میں نہ مانوں کی رٹ لگائی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان نے اپنا سیاسی رویہ تبدیل نہ کیا تو انشاء اللہ وہ اکیلے ہی رہ جائیں گے،دوسری جانب اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان کو تنہا کرنے کی بھارتی کوشش ناکام ہو ہوگئی ہیں ،بھارت مایوسی کا شکار ہے اوردنیا جانتی ہے کہ بھارت فیکٹ فائنڈنگ مشن اقوام متحدہ کی قراردوں پر عمل اور پاکستان سے مذاکرات کرنے سے انکاری ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کی کوشش کی تھی جس میں وہ بری طرح ناکام ہوگیا ہے اقوام متحدہ میں 48 گھنٹے میں وزیراعظم نے ایران ‘ ترکی ‘ امریکہ ‘ مصر اور دیگر بڑے ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں اور انہیں کشمیر کے بارے میں آگاہ کی دنیا میں ہمارے بھی بہت سے دوست ممالک ہیں اور بہت سے ملکوں سے ہمارے تعلقات مضبوط ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ بھارت کے بیانات اور باتیں زمینی حقائق سے مختلف ہیں کشمیر میں بھارتی مظالم کو دنیا دیکھ رہی ہے ۔ کشمیری اندھے ہورہے ہیں سینکڑوں کو شہید کیا گیا ہے وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں دنیا کو پیغام دیا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہین اور ان کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے انہوں نے کہا کہ عالمی برادری دیکھ رہی ہے کہ بھارت پاکستان سے مذاکرات سے بھاگ رہا ہے بھارت نے 70 سال گزرنے کے باوجود اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہیں کیا بھارت کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ مشن سے بھی انکاری ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کیلئے اہم ملک ہے دہشت گردی کے خلاف دنیا پاکستان کی کوششوں کو سراہتی ہے۔

مزید : صفحہ اول


loading...