پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کے خلاف سخت اقدام اٹھائیں گے: مراد علی شاہ

پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کے خلاف سخت اقدام اٹھائیں گے: مراد علی ...

کراچی / سکھر ( اے این این ) وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کے خلاف سخت اقدام اٹھائیں گے ٗمیں کسی کو معطل کرنے نہیں آیا لیکن صوبے سے کرپشن کا خاتمہ کرنا چاہتا ہوں ٗ کرپشن کرنے والے افسران اپنی خیر منالیں کسی کو معاف نہیں کیا جائیگا ٗ ایک ماہ میں کراچی کے حالات کافی حد تک بدل چکے ہیں ۔سکھر پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کو بھوک ہڑتال کے دوران کے تحفظات دور کرنے کا یقین دلایا لیکن 22اگست کو اچانک پتہ نہیں کیا ہو گیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ماہ میں کراچی کے بہت حالات بدل گئے ہیں ۔ ایم کیو ایم نے اپنے بانی سے قطع تعلق کیا، بانی ایم کیو ایم کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرار داد بھی پاس ہوئی ۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے سکھر ایس آئی یو کا دورہ بھی کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا ، مریضوں سے ملاقات بھی کی ۔ اس دوران انہیں بریفنگ بھی دی گئی ۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ جہاں جاتا ہوں لوگ پیکیج مانگتے ہیں، پیکیج سے مسئلہ حل نہیں ہو گا ہمیں کام کرنا ہو گا۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر آفس میں سرکاری افسران، آبادکاروں، شاعروں، ادیبوں سے میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میں کسی کو معطل کرنے نہیں آیا لیکن صوبے سے کرپشن کا خاتمہ کرنا چاہتا ہوں، نظام کو بہتر کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں زرعی پانی کے نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ جب زرعی اجناس زیادہ پیدا ہوں گی تو آبادکاروں سمیت سب کو فائدہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو سندھ کے قانون کے مطابق مراعات اور سہولیات دیں گے، انہیں فنڈز فراہم کئے جائیں گے تاکہ یہ لوگ عوام کی خدمت کر سکیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ سکھر پاکستان کا خوبصورت شہر ہے اور اس شہر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لئے اقدامات کریں گے۔ انہوں کہا کہ وہ سکھر شہر کا تفصیلی دورہ کریں گے تاکہ عوام کو درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کر سکیں۔

مراد علی شاہ

مزید : علاقائی


loading...