پجارا اور ایشون نے کیویز کو ادھیڑ کر رکھ دیا،میچ کا نقشہ تبدیل

پجارا اور ایشون نے کیویز کو ادھیڑ کر رکھ دیا،میچ کا نقشہ تبدیل

کانپور(سپورٹس ڈیسک ) ہندوستان نے رویندرا جدیجا اور روی چندرہ ایشون کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز میں 262 رنز پر ٹھکانے لگا کر 56 رنز کی برتری حاصل کر لی۔اب تک کھیل کے ساڑھے چار سیشنز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ہندوستان پر حاوی نظر آئی لیکن ہندوستانی اسپنرز نے ایک سیشن کے اندر میچ کا نقشہ بدل دیا۔نیوزی لینڈ نے 152 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی اننگ کا دوبارہ آغاز کیا تو اسکور میں آٹھ رنز کے اضافے سے ٹام لیتھ اور ٹیم کے سب سے تجربہ کار بلے باز روس ٹیلر پویلین لوٹ گئے۔اسکور میں دس رنز کے اضافے سے ہندوستان کو بڑی کامیابی اس وقت ملی جب ایشون نے 75 رنز بنانے والے کیوی کپتان کی وکٹیں بکھیر دیں۔اس موقع پر لیوک رونچی اور مچل سینٹنر نے 49 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی لیکن جدیجا نے رونچی کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کردیا۔لیوک رونچی219 رنز پر پویلین لوٹ گئے لیکن سینٹنر نے بی جے واٹلنگ کے ساتھ خسارہ کم کرنے کی جہدوجہد جاری رکھی اور 36 نز کی شراکت قائم کی۔نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ 255 رنز پر اس وقت گری جب سینٹنر پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد کیویز نے صرف سات رنز کے اضافے سے چار وکٹیں گنوائیں جس کا سہرا جدیجا کے سر جاتا ہے جنہوں نے آخری چار میں سے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 262 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور یوں ہندوستان نے پہلی اننگ میں 56 رنز کی برتری حاصل کی جس کا تمام تر سہرا جدیجا اور ایشون کو جاتا ہے جنہوں نے بالترتیب چار اور پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...