ویزا لیٹر، نئی ممبر شپ کا حصول اور دیگر سروسز کو آن لائن کردیا ،لاہور چیمبر
لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ویزا لیٹر، نئی ممبر شپ کا حصول اور سرٹیفیکیٹ آف اوریجن کے حصول سمیت دیگر کئی سروسز کو آن لائن کردیا ہے جس کے بعد اب لاہور چیمبر کے ممبران گھر یا دفاتر میں بیٹھے ہی ان سے استفادہ اور اپنی دستاویزات بھی مہیا کرسکیں گے۔ ان سروسز تک رسائی کے لیے ممبران کو اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر اور ممبرشپ حاصل کرتے ہوئے لاہور چیمبر کو مہیا کردہ ای میل ایڈریس درج کرنا ہوگا۔ لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد نے سینئر نائب صدر الماس حیدر ،نائب صدر ناصر سعید اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین کے ہمراہ آن لائن سروسز کا افتتاح کیا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ یہ قدم اٹھانے کا مقصد لاہور چیمبر کی خدمات کو بین الاقوامی معیار کا بنانا ہے، لاہور چیمبر کی یہ سروسز آن لائن کرنے سے ممبران کو سہولت ملے گی اور ان کا قیمتی وقت بچے گا۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے ممبران پر زور دیا کہ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی آن لائن سروسز سے بھرپور استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے اور کوئی بھی کاروبار اس سے استفادہ کیے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری انفارمیشن ٹیکنالوجی کو اپنی کاروباری زندگی کا اہم حصہ بنائے جس سے انہیں بین الاقوامی سطح پر جگہ بنانے اور اپنے کاروباروں کو ترقی دینے میں مدد ملے گی۔