وزیر اعلیٰ کا حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا اچانک دورہ

وزیر اعلیٰ کا حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا اچانک دورہ

پشاور( پاکستان نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ہفتہ کے روز حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا اچانک دورہ کیا جہاں اُنہوں نے شعبہ حادثات اور کارڈیالوجی سمیت دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں سے علاج معالجے کی سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے ایم آر آئی میں موجود آلات اور دیگر سہولتوں کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹرز ، نرسز اور دیگر عملہ اپنے سروس کارڈز ضرور لگائیں تاکہ عوام کو مطلوبہ خدمات کے حصول میں متعلقہ ذمہ دار تک پہنچنے اور پہچاننے میں آسانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں اصلاحات کا بنیادی مقصد بھی یہی ہے کہ غریب عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات با آسانی میسر ہوں۔ان کی حکومت نے مذکورہ مقاصد کے حصول کیلئے ہسپتالوں کو با اختیار بنایا اور سہولیات فراہم کیں۔ طبی سہولیات کی بلا تعطل اور معیاری فراہمی کیلئے مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کے ہسپتالوں کا معیار مزید بہتر کر رہے ہیں تاکہ غریب عوام پرائیوٹ علاج کرانے کی بجائے سرکاری ہسپتالوں میں آئیں اور انہیں پرائیوٹ طبی اداروں کے معیار کے مطابق سہولیات میسر ہوں ۔اُنہوں نے ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کا بھی خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ صحت مند رہنے اور امراض سے نجات حاصل کرنے کیلئے صاف و شفاف ماحول کا ہونا ناگزیر ہے۔ پرویز خٹک نے کہاکہ ان کی حکومت وسائل عوام پر خرچ کر رہی ہے اور اس کیلئے آسانیاں پیدا کرنا چاہتی ہے۔ صحت کا انصاف کارڈ موجودہ صوبائی حکومت کا صحت کے شعبہ میں انقلابی اقدام ہے۔ اس کے تحت صوبے کے تقریباً18 لاکھ مستحق خاندان سالانہ 5 لاکھ 40 ہزار تک علاج معالجے کی مفت سہولیات حاصل کر سکیں گے۔ یہ واحد حکومت ہے جو غریبوں کا سوچتی ہے اور ان کی فلاح کیلئے اقدامات کر رہی ہے متعلقہ ادارے اور حکام حکومت کے غریب دوست اقدامات کو نتیجہ خیز بنانے میں اپنا پیشہ وارانہ کردار ایمانداری سے ادا کریں۔

مزید : ملتان صفحہ اول


loading...