عطاء الحق قاسمی کے اعزاز میں تقریب ’’اعتراف کمال‘‘کا انعقاد

عطاء الحق قاسمی کے اعزاز میں تقریب ’’اعتراف کمال‘‘کا انعقاد

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام ملک کے نامور ادیب ، شاعر ، کالم نگار اور پاکستان ٹیلی ویژن کے چیئرمین عطاء الحق قاسمی کے اعزاز میں تقریب ’’اعتراف کمال‘‘ گزشتہ روز منعقد کی گئی، آرٹس کونسل کے مرکزی قائد سیدمحمد شاہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا، پرُوقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء الحق قاسمی نے کہاکہ کراچی محبت کرنے والوں کاشہر ہے یہاں جب بھی آتا ہوں محبتیں سمیٹ کر جاتا ہوں ،انہوں نے کہاکہ آرٹس کونسل کے محمد احمد شاہ اور ان کے رفقاء کاشکر گزار ہوں کہ انہوں نے میرے اعزاز میں اتنی عمدہ تقریب سجائی ، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی ہے ،انہوں نے اپنی زندگی کے مختلف پہلو کاذکر کرتے ہوئے کہاکہ 55سال سے سگریٹ پی رہاہوں کوئی خاص نقصان نہیں ہوا جن ڈاکٹرز نے کہاتھاکہ سگریٹ چھوڑ دو ورنہ موت واقع ہوجائے گی ان میں سے ایک بھی حیات نہیں ہیں ، میری کوئی تعریف کرے تو برالگتاہے اور نہ کرے تو زیادہ برا لگتا ہے ۔ اس موقع پر پروفیسر سحر انصاری نے کہاکہ عطاالحق قاسمی کی زندگی کاہر پہلو روشن ہے ، اگر انہیں ہمہ جہت شخصیت کہاجائے تو بے جا نہیں ہوگا ، انہوں نے پاکستانی کلچر کے فروغ میں نمایا ں کرادار ادا کیا ، انہوں نے کہاکہ یہ ایک یادگار تقریب ہے ، جسے تادیر یادرکھاجائے گا۔ حسینہ معین کا کہناتھا کہ عطاء الحق قاسمی محفلوں کی جان ہیں ان کی زبان سے نکلا ہوا ہر لفظ معنی خیز ہوتا ہے ، ان کے اخباری کالموں میں بھی ادبیت نمایا ں نظر آتی ہے ۔ ڈاکٹر فاطمہ حسن نے کہاکہ یہ ایک خوشگوار شام ہے ، عطا ء الحق قاسمی ہم دوستوں کے لیے حق کی عطا ہیں ، ان کے کالم اس عہد کی دستاویز ہیں جس زمانے میں نثری نظم لکھنے والوں کو دہشت گرد قرار دے دیا گیا تھا اس زمانے میں زمانے میں عطاء الحق قاسمی نے نثری نظم کی حمایت میں بھر پور کالم لکھا ہے میں آرٹس کونسل کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں کہ اس نے عطا الحق قاسمی کے لیے اتنی بھر پور شام کا اہتمام کیا۔ پرُ رونق تقریب کے نظامت اقبال لطیف نے بڑے احسن طریقے سے انجام دیئے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...