کے پی کے اور پنجاب یکساں بلدیاتی نظام پر متفق
لاہور(صباح نیوز)صوبہ پنجاب اور خیبر پختونوا میں یکساں بلدیاتی نظام پر اتفاق ہوگیا ہے۔ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف بر سر اقتدار ہے اور دونوں ہی صوبوں میں ایک ہی بلدیاتی نظام پر اتفاق ہوگیا ہے۔نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے وزیرِاعظم عمران خان کے زیرِ صدارت پنجاب اورخیبر پختونخوا کے متعدد اجلاس منعقد ہوئے جس میں دونوں صوبوں نے اپنے مسودات قانون تجویز کئے تاہم طویل تر مشاورت کے بعد پنجاب اور خیبر پختونوا کا یکساں بلدیاتی نظام پر اتفاق ہو گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے درمیان صرف ایک معاملے پر اختلاف ہے۔ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا دیہی سطح پر ڈسٹرکٹ کونسل، یونین کونسل اور ویلیج کونسل کا نظام چاہتا ہے لیکن پنجاب کی صوبائی حکومت دیہی سطح پر ڈسٹرکٹ کونسل اور ویلیج کونسل کا نظام لانے کی خواہش مند ہے۔ذرائع نے بتایا کہ دونوں صوبے میئر اور ڈسٹرکٹ چیئرمین کا انتخاب جماعتی بنیادوں پر کرانے، ویلیج کونسل اور ہمسایہ کونسل کا انتخاب غیرجماعتی بنیاد پر کرانے پر رضامند ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ دونوں صوبوں کا میئر اور ڈسٹرکٹ کونسل کا انتخاب براہ راست کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ پنجاب اور کے پی میں یونین کونسل کے حوالے سے اتفاق ہونا باقی ہے۔ خیبر پختونخوا دیہی سطح پر ڈسٹرکٹ کونسل، یونین کونسل اور ویلیج کونسل کا نظام چاہتا ہے جبکہ پنجاب دیہی سطح پر ڈسٹرکٹ کونسل اور ویلیج کونسل کا نظام چاہتا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے تھے جہاں انہوں نے صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی تھی اور 48 گھنٹوں میں نئے بلدیاتی نظام کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی تھی ؟اڑتالیس گھنٹے کی ڈیڈ لائن ختم ہوتے ہی وزیرِاعظم عمران خان کی جانب سے دوبارہ اعلی سطح اجلاس بلایا جائے گا اور دونوں صوبوں کو اکٹھے بٹھا کر حتمی فیصلے کااعلان کیا جائے گا۔
بلدیاتی نظام