فیس بک کا 'آئیڈیا کروڑوں کا' کے ساتھ اشتراک
کراچی (پ ر) فیس بک نے پاکستانی ریالٹی شو پروگرام 'آئیڈیا کروڑوں کا' کے ساتھ اشتراک کا اعلان کیا ہے، جس میں پاکستانی کاروباری افراد نئے ممکنہ سرمایہ کاروں کے سامنے اپنے آئیڈیاز پیش کرسکیں گے۔ اس اشتراک کے تحت پاکستان کے متاثرکن کمیونٹی گروپ لیڈرز ٹی وی پروگرام 'آئیڈیا کروڑوں کا 'کے حالیہ سیزن کا حصہ بنیں گے۔پروگرام 'آئیڈیا کروڑوں کا' میں کراچی اسکول گائیڈ کی بینش عمیر، کراچی شیفس ایٹ ہوم (کے سی ایچ) کی صبا محسن شیخ، مرہم کی اسما عمر، اسپیشل نیڈز پاکستان کی رابعہ عزیز رضوی، سول سسٹرز پاکستان کی کنول احمد اور شی اوپس کی نادیہ پٹیل حصہ لیں گی۔ پروگرام کی چھ قسطیں ہیں اور ہر قسط میں ایک کمیونٹی لیڈر کو موقع فراہم کیا جائے گا کہ وہ ملک گیر سطح پر لوگوں کی معلومات کے لئے اپنے منصوبے اور ویژن کی تفصیلات پیش کرے۔ ہر کمیونٹی لیڈر اپنے ویژن کو عملی شکل دینے کے لئے 20 ہزار ڈالرز تک کی گرانٹ وصول کرے گا۔ اے پی اے سی کی ڈائریکٹر آف کمیونٹی افیئرز کلیئر دیوی نے کہا، "ہم ان بہترین واقعات سے حیران کن طور پر متاثر ہوئے ہیں کہ کس طرح سے لوگ اکھٹے ہوکر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔ ان میں کاروبار کرنے والی خواتین اور اسکول ٹیچرز سے لیکر خصوصی ضرورت کی متلاشی فیملیز شامل ہیں۔اسی وجہ سے ہم پاکستانی کمیونٹی کی مدد کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور آئیڈیا کروڑوں کا پروگرام کے ساتھ اشتراک کے اعلان پر خوش ہیں۔"انہوں نے کہا، "ہر ماہ ایک ارب سے زائد افراد فیس بک کے گروپس استعمال کرتے ہیں۔ یہ گروپس لوگوں کو محفوظ، ایک دوسرے کے لئے معاون کمیونٹیز بنانے میں مدد کرتے ہیں اور موجودہ کمیونٹیز کو مستحکم بناتے ہیں۔ کمیونٹی لیڈرز اپنے جذبے اور اخلاص کی بدولت اہم کردار ادا کرتے ہیں جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر کمیونٹی کو باشعور اور مستحکم بنانے میں مدد ملتی ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں اپنے کمیونٹی لیڈرز کو ان کاموں میں تعاون فراہم کریں جہاں انہیں ضرورت پڑے تاکہ وہ اپنی کمیونٹی میں مثبت اور نتیجہ خیز اثر ات پیدا کریں۔ "