ای سی سی اجلاس: بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کا امکان

ای سی سی اجلاس: بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کا امکان
ای سی سی اجلاس: بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کا امکان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہو رہا ہے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں دو نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ جس میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ زیر غور رہے گا اور ایل این جی ٹرمینل کی رپورٹس پیش کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق ای سی سی کے اجلاس میں بجلی صارفین پر چار سو ارب روپے تک کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تجویز کا جائزہ لیا جائے گا جب کہ بجلی کے نرخوں میں فی یونٹ دو روپے تک اضافے کی تجویز بھی زیر غور آئے گی جو سال 17-2016 اور 18-2017 کے لیے تجویز کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صارفین سے خالص پن بجلی کی مد میں ایک سو80 ارب روپے وصول کرنے کی تجویز بھی زیر غور رہے گی جب کہ بجلی کی مد میں گذشتہ سالوں کے بقایا جات کی مد میں دو سو 20 ارب روپے وصول کرنے کی تجویز بھی رکھی جائے گی۔حکومت بجلی کی مد میں اضافے کا آدھا بوجھ سبسڈی کی صورت میں خود برداشت کرسکتی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی منظوری دی گئی تھی۔ 17 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں گیس قیمتوں میں اضافہ کا دفاع کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے موقف اپنایا تھا کہ غریب صارفین پر کم بوجھ ڈالا گیا ہے امیروں کے لیے قیمتیں بڑھائی گئی ہیں۔