پاکستان نے بھارت کے 2 ڈیموں پر اعتراضات عالمی بینک کے سامنے اٹھادیے

پاکستان نے بھارت کے 2 ڈیموں پر اعتراضات عالمی بینک کے سامنے اٹھادیے
پاکستان نے بھارت کے 2 ڈیموں پر اعتراضات عالمی بینک کے سامنے اٹھادیے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک(ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا میں موجود پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی بینک کے صدر جم یونگ کم سے ملاقات کی اور بھارت کے دو ڈیموں پر اعتراضات اٹھائے۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ انہوں نے صدر ورلڈ بینک سے بھارت کے ساتھ پانی کے مسئلے پر بات کی اور انہیں بتایا کہ ہمارا خطہ کس طرح پانی کے بحران سے دوچار ہو رہا ہے، عالمی بینک سندھ طاس معاہدے کا امین ہے۔خیال رہے کہ پاکستان نے بھارت کے کشن گنگا اور رتلے پروجیکٹ پر ورلڈ بینک کو درخواست دے رکھی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کے کشن گنگا اور رتلے پراجیکٹ پر سنگین اعتراضات ہیں، ہم چاہتے ہیں ورلڈ بینک اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے صدر ورلڈ بینک کو بتایا کہ پانی کے مسئلے کا حل ہمارے لیے بہت ضروری ہے، پانی کے مسئلے سے ہماری زرعی ضروریات متاثر ہو رہی ہیں، ورلڈ بینک کو ہماری درخواست پر غور کرنا چاہیے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے مطابق صدر عالمی بینک نے وعدہ کیا ہے کہ اس معاملے پر وہ ایک اور کوشش کریں گے۔شاہ محمود قریشی اور عالمی بینک کے صدر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں امریکا میں پاکستان کے سفیر علی جہانگیر صدیقی بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کی غرض سے اِن دنوں امریکا میں موجود ہیں، جہاں 29 ستمبر کو نیویارک میں وہ جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے، جبکہ کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم بھی دنیا کے سامنے رکھیں گے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اپنے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات 2 اکتوبر کو ہوگی۔