شام کو ایس 300 میزائل نظام کی سپلائی سے خطے میں خطرات بڑھیں گے: اسرائیلی وزیراعظم

شام کو ایس 300 میزائل نظام کی سپلائی سے خطے میں خطرات بڑھیں گے: اسرائیلی ...
شام کو ایس 300 میزائل نظام کی سپلائی سے خطے میں خطرات بڑھیں گے: اسرائیلی وزیراعظم

  

یروشلم(سی پی پی)اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے روسی صدر ولادی میر پوتین سے کہا ہے کہ ہتھیاروں کے جد ید نظام کو غیر ذمے دار کھلاڑیوں کے حوالے کرنے سے خطے میں خطرات میں اضافہ ہوگا۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق نیتن یاہو نے روس کی جانب سے شام کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل نظام ایس 300 مہیا کرنے کے اعلان کے بعد صدر ولادی میر پوتین سے فون پر گفتگو کی ہے اور انھیں اپنے خدشات سے آگاہ کیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اسرائیل اپنی سکیورٹی اور مفادات کا تحفظ جاری رکھے گا۔انھوں نے صدر پوتین کے ساتھ دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان روابط جاری رکھنے سے بھی اتفاق کیا ہے۔روس نے شام میں اپنے ایک فوجی طیارے کی تباہی کے ایک ہفتے کے بعد اپنے اتحادی ملک کو میزائل نظام مہیا کرنے کا ا علان کیا ہے۔یہ روسی طیارہ غلطی سے شامی فوج نے مار گرایا تھا لیکن روس نے اسرائیل کو اس طیارے کی تباہی کا بالواسطہ ذمے دار قرار دیا تھا کیونکہ اس وقت ایک اسرائیلی طیارہ بھی شامی علاقے پر حملے کے لیے فضائی علاقے میں موجود تھا جبکہ اسرائیل نے شام کو مورد الزام ٹھہرایا تھا ۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیل ایک عرصے سے روس پر یہ زور دے رہا ہے کہ وہ شام کو ایس 300 میزائل دفاعی نظام فروخت نہ کرے۔اس کو یہ خدشہ لاحق ہے کہ اس کی وجہ سے اسرائیلی فوج شام میں ایران کی فورسز کو اپنے فضائی حملوں میں نشانہ نہیں بنا سکے گی۔روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے واضح کیا ہے کہ ماسکو ماضی میں شام کو یہ میزائل دفاعی نظام فروخت نہ کرکے اسرائیل کو ممنون احسان کرتا رہا ہے مگر گذشتہ ہفتے طیارے کی تباہی میں پندرہ روسی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد وہ اپنے فوجیوں کے تحفظ کے لیے مناسب جوابی اقدامات پر مجبور ہوگیا ہے۔

مزید : بین الاقوامی