پاک سعودی تعلقات کی جڑیں عوام کے مشترکہ پیار میں ہیں: رانا عبدالرؤف مجلسِ پاکستان

پاک سعودی تعلقات کی جڑیں عوام کے مشترکہ پیار میں ہیں: رانا عبدالرؤف مجلسِ ...
پاک سعودی تعلقات کی جڑیں عوام کے مشترکہ پیار میں ہیں: رانا عبدالرؤف مجلسِ پاکستان

  

ریاض (وقار نسیم وامق) مجلسِ پاکستان کے صدر رانا عبدالرؤف نے کہا ہے کہ پاک سعودی تعلقات کسی بھی ناکامی سے بالاتر ہیں ان کے  تعلقات کی جڑیں عوام کے مشترکہ پیار میں ہیں اس لئے ہر دور میں پاک سعودی اشتراک سے سیاسی، سیکورٹی اور اقتصادی ترقی میں عظیم منازل طے کی ہیں اور ہم سعودی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں جنھوں نے ہمیشہ پاکستانیوں کی خدمات کو سراہا ہے. 

رانا عبدالرؤف نے ان خیالات کا اظہار مجلسِ پاکستان کے زیر اہتمام ایک تقریب کے صدارتی خطاب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان میں ہر سطح پر باہمی اعتماد، خیرسگالی، محبت اور غیر معمولی برادرانہ تعلقات استوار رہے ہیں، امتِ مسلمہ کے مفادات کی نگہبانی اور اتحاد ان مضبوط برادرانہ تعلقات کی اہم بنیاد رہی ہے، حجازِ مقدس کی خصوصی کشش دونوں برادر ممالک کے عوام کو شیر وشکر کرنے میں ایک روحانی وجہ ہے، سعودی عرب ہمیشہ سے پاکستان کا بڑا حامی و پشتیبان رہا ہے۔

تقریب سے حافظ عبدالوحید، ڈاکٹر محمد اویس، چوہدری ابراہیم جٹ، شیخ اسرار، مخدوم امین تاجر، احسن عباسی، خالد اکرم رانا، شبریز اختر سویہ، حامد رضا قادری سمیت دیگر نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاک سعودی تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں اور ہر پاکستانی دوسروں سے کہیں بہتر جانتا ہے کہ دونوں ممالک میں یہ تعاون محض معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری پہلو تک محدود نہیں بلکہ اس سے کہیں بڑھ کر دفاع اور اسٹرٹیجک شراکت داری کے اہم ترین پہلوؤں تک وسیع ہے، دونوں برادر ممالک کے عوام کے مابین مضبوط اور قریبی تعلقات استوار ہیں، یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی سب سے بڑی تعداد میں میزبانی سعودی عرب کرتا ہے، ان محنت کش پاکستانی بھائیوں کے ذریعے پاکستانی معیشت کو سالانہ ساڑھے چار ارب کی ترسیلات زر ہوتی ہے، پاکستان ہمیشہ سے سعودی عرب کو ایک ایسا پراعتماد دوست سمجھتا ہے جس پر ہر ضرورت اور آزمائش کے وقت وہ انحصار اور اعتماد کرسکتا ہے اور جس انداز کے ساتھ ہمارے محنت کشوں سمیت پاکستانی ڈاکٹرز، انجنئیرز، آئی ٹی ایکسپرٹ اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سعودی عرب کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں سعودی عوام اور حکومت ان خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں. 

تقریب میں معروف شاعر وقار نسیم وامق نے پاک سعودی تعلقات کی مناسبت سے اشعار پڑھے جن کو شرکاء نے خوب پسند کیا. 

مزید :

عرب دنیا -