مسلم لیگ (ن) ریاض ریجن کے زیرِ اہتمام سعودی یوم الوطنی کی تقریب منعقد کی گئی

مسلم لیگ (ن) ریاض ریجن کے زیرِ اہتمام سعودی یوم الوطنی کی تقریب منعقد کی گئی
مسلم لیگ (ن) ریاض ریجن کے زیرِ اہتمام سعودی یوم الوطنی کی تقریب منعقد کی گئی

  

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب کے قومی دن کو منانے کے لئے مسلم لیگ ن ریاض ریجن کی جانب سے تقریب منعقد کی گئی جس میں دیگر سیاسی جماعتوں کے ارکان بھی شریک ہوئے. 

اس موقعہ پر مسلم لیگ ن ریاض ریجن کے صدر ڈاکٹر سعید احمد وینس نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب سے پاکستان کے مراسم مذہبی بنیادوں پر قائم ہیں جن سے اس مقدس سرزمین سے دلی لگاؤ ہے اور تمام پاکستانی حرمین الشریفین کی بدولت مملکت سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں سعودی بھی پاکستانیوں سے دلی لگاؤ رکھتے ہیں گزشتہ کئی دہائیوں سے لاکھوں کی تعداد میں یہاں پاکستانی مقیم ہیں جو یہاں رہ کر سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار نبھا رہے ہیں تو دوسری جانب پاکستان زر مبادلہ بھیج کر قوم کی خدمت کو یقینی بنا رہے ہیں. 

ڈاکٹر سعید احمد وینس نے مزید کہا کہ مسلم لیگ جب بھی برسر اقتدار آئی پاک سعودی تعلقات مزید مستحکم اور پروان چڑھے اور تعلقات تجارتی بنیادوں پر استوار ہوتے چلے گئے، ہمارے موجودہ حکمران طبقے کو پاک سعودی تعلقات کی اہمیت کا ادراک ہونا چاہئیے تاکہ وہ جذباتی بیان بازی سے پرہیز کریں، سعودی عرب ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھی رہا ہے. 

تقریب سے دیگر مقررین میں جمعیت اہل حدیث کے رہنما مولانا عبدالمالک مجاہد، پیپلز پارٹی کلچرل ونگ مڈل ایسٹ کے صدر قاضی اسحاق میمن، پیپلزپارٹی سعودی عرب کے سنئیر نائب صدر ریاض راٹھور، مجلس پاکستان کے صدر رانا عبدالرؤف، مسلم لیگ ن کے سنئیر نائب صدر شیخ سعید احمد، مخدوم امین تاجر، محمود احمد باجوہ ، عمران ججوی اور وقار نسیم وامق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہم اس مقدس سرزمین پر موجود ہیں گزشتہ کئی دہائیوں میں یہاں مقیم رہنے سے دین اسلام کی اصل روح کو سمجھنے اور اپنانے کی کوشش کی ہے پاکستان اور سعودی عرب دو الگ ملک ضرور ہیں مگر ان کے درمیان ہزاروں میل کا فاصلہ بھی ان کی مثالی دوستی کی بدولت سمٹ جاتا ہے دونوں ملک اسلامی دنیا میں اہم مقام رکھتے ہیں اور دفاع حرمین شریفین کے لئے پاکستانی ہر وقت اور ہر دم تیار رہتے ہیں. 

مقررین نے مزید کہا کہ سعودی عرب اپنا 90 واں قومی دن منا رہا ہے اس موقعہ پر ہم سعودی عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ سعودی عرب یونہہ ترقی کی منازل طے کرتا رہے اور پاک سعودی دوستی مزید مستحکم ہو تقریب کے آخر میں یوم الوطنی کا کیک بھی کاٹا گیا. 

مزید :

عرب دنیا -تارکین پاکستان -