سعودی عرب زندگی گزارنے کے لئے آئیڈیل ملک ہے: حنیف بابر

سعودی عرب زندگی گزارنے کے لئے آئیڈیل ملک ہے: حنیف بابر
سعودی عرب زندگی گزارنے کے لئے آئیڈیل ملک ہے: حنیف بابر

  

ریاض (وقار نسیم وامق) پاک سرزمین پارٹی ریاض ریجن کے صدر حنیف بابر نے اپنے اہلخانہ اور دیگر قریبی رشتے داروں کے ہمراہ سعودی عرب کے قومی دن کے حوالے سے پروگرام ترتیب دیا جس میں سعودی عرب سے اپنی والہانہ عقیدت اور محبت کا بھرپور اظہار کیا گیا. 

اس موقعہ پر حنیف بابر نے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے یہاں پر مقیم ہیں ہمیں یوں تو پاکستانی ہونے پر فخر ہے مگر سعودی عرب ہمارا دوسرا گھر ہے یہاں جو ماحول ہمیں میسر ہے دنیا میں شاید کہیں اور موجود ہو، یہاں ساڑھے چار لاکھ پاکستانی فیملیز رہتی ہیں جو کہ بڑی ہنسی خوشی اپنی روزمرہ کی زندگی گزار رہی ہیں فیملیز بلاخوف و خطر سعودی عرب بھر میں گھوم پھر سکتی ہیں اور اپنے کلچر اور ثقافتی رنگوں کو بھی اجاگر کر سکتی ہیں. سعودی فیملیز کے ساتھ عزیز رشتے داریاں ہیں جس سے محبتوں اور رشتوں کو فروغ ملتا ہے. 

حنیف بابر نے مزید بتایا کہ وہ کرکٹ کے شوقین ہیں اور عرصہ دراز سے کرکٹ کے فروغ کے لئے سرگرم عمل ہیں ریاض کرکٹ  لیگ سال ہا سال سے کرکٹ ٹورنامنٹ کے ٹورنامنٹ کا انعقاد کروا رہی ہے جس میں سعودی کرکٹ سینٹر کے علاوہ سعودی حکومتی سرپرستی شامل ہے اب جیسے جیسے کرکٹ فروغ پا رہی ہے اس میں سعودی نوجوانوں کی دلچسپی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے. 

حنیف بابر نے کہا کہ سعودی عرب ہر لحاظ سے زندگی گزارنے کے لئے آئیڈیل ملک ہے اور ہم سرزمین سے دلی لگاؤ رکھتے ہیں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی حاضری سے روحانی اور قلبی سکون ملتا ہے جس سے اس مقدس سرزمین سے محبت ہے ہم دیگر افراد کی طرح یقیناََ خوش قسمت ہیں کہ ہم سعودی عرب میں مقیم ہیں اور جس طرح سعودی عرب فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں آگے بڑھا رہا ہے اور وژن 2030 پر جس طرح سے تیزی کے ساتھ عمل ہو رہا ہے اس سے مزید ترقی منازل سعودیہ جلد طے کرے گا. 

حنیف بابر نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاک سعودی تعلقات ہمیشہ باہمی محبت اور مضبوط رشتوں پر استوار رہیں سعودی عرب میں مقیم ہمارے لاکھوں ورکرز ہمارا فخر ہیں جن کی شب و روز کی محنت سے سعودی عرب کی تعمیر و ترقی ممکن ہو رہی ہے ہمیں بطور پاکستانی یہ بھی فخر ہے کہ ہمارے لاکھوں افراد نے مملکت کی ترقی میں کردار نبھایا ہے. 

تقریب کے آخر میں بچوں نے سعودی عرب کا قومی پرچم لہرا کر قومی ترانہ اور دیگر نغمے پیش کیے جبکہ مقامی گلوکاروں نے نغمے گا کر شرکاء کو خوب محظوظ کیا۔

مزید :

عرب دنیا -تارکین پاکستان -