’ڈونلڈ ٹرمپ نے مجھے پکڑ لیا اور زبردستی۔۔۔‘ سابقہ ماڈل نے امریکی صدر پر سنگین الزام لگادیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈونلڈٹرمپ نے امریکہ کی صدارتی دوڑ میں حصہ لیا تو ان پر خواتین کی طرف سے جنسی زیادتی اور جنسی ہراسگی کے الزامات کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا جو ان کی صدارت کی ایک ٹرم لگ بھگ پوری ہونے کے بعد بھی نہیں رکا۔ اب ایک اور ماڈل ایمی ڈوریس نے صدر ٹرمپ پر انتہائی سنگین الزام عائد کر دیا ہے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق ایمی ڈوریس نے کہا ہے کہ انہیں صدر ٹرمپ نے 1997ءمیں جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔
ایمی ڈوریس نے ایک برطانوی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ نیویارک میں یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے گئی تھیں جہاں ڈونلڈٹرمپ نے انہیں اپنے کمرے میں مدعو کیا اور وہاں پکڑ کر زبردستی بوس و کنار کی کوشش کی۔ ڈوریس کا کہنا تھا کہ اس وقت اس کی عمر 24سال تھی۔ رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کے وکیل کی طرف سے حسب سابق ایمی ڈوریس کے الزام کی بھی سختی سے تردید کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ایمی ڈوریس کا یہ الزام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر ٹرمپ دوسری مدت کے لیے صدر بننے کی کوشش کر رہے ہیں اور الیکشن مہم چلا رہے ہیں۔اب تک ان پر ایک درجن سے زائد خواتین اسی نوعیت کے شرمناک الزامات عائد کر چکی ہیں۔