حکمرانوں نے عوام کو نچوڑنے اور لوگوں کی گردن مروڑنے میں سپیشلائزیشن کررکھی ہے:سینیٹر سراج الحق 

 حکمرانوں نے عوام کو نچوڑنے اور لوگوں کی گردن مروڑنے میں سپیشلائزیشن کررکھی ...
 حکمرانوں نے عوام کو نچوڑنے اور لوگوں کی گردن مروڑنے میں سپیشلائزیشن کررکھی ہے:سینیٹر سراج الحق 

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے عوام کو نچوڑنے اور لوگوں کی گردن مروڑنے میں سپیشلائزیشن کررکھی ہے،اس حکومت نے دکاندار و خریدار ،ریڑھی چھابڑی والے ،تانگے اور رکشہ والے ،مزدور اور کسان سب کو پریشان کردیا ہے،غریب کیلئے زندہ رہنا مشکل ہوگیا ہے،کماتے غریب ہیں اور کھاتے جاگیردار اور سرمایہ دار ہیں،یہ جاگیر دار اور سرمایہ دار ہر حکومت میں شامل ہوتے ہیں ،عمران خان نے تبدیلی کا نعرہ لگا کر اپنے گرد انہی لوگوں کو جمع کرلیا جنہوں نے ملک و قوم کو اس حال تک پہنچایا ہے،73سالوں میں ملک پر 37سال آمریت اور باقی عرصہ نام نہاد سیاسی لیڈروں کی حکومت رہی لیکن ایک دن کیلئے بھی ملک میں اس نظام کو نہیں آزمایا گیا جس کیلئے یہ ملک بنایا گیا تھا،اقتدار پر قابض رہنے والوں نے پاکستان کے نظریہ اور جغرافیہ سے بے وفائی کی جس کے نتیجہ میں ملک دولخت ہوا،جماعت اسلامی پاکستان کے اسلامی و نظریاتی تشخص کی بحالی کی جدوجہد کررہی ہے،ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں دولت کی یکساں تقسیم ہو ،غریب کو بھی امیر کے برابر ترقی کے مواقع مل سکیں،نوجوانوں کو باعزت روز گار ملے،عام آدمی کو عدل و انصاف ملے اور کوئی بھوکا نہ سوئے،آئین و قانون کی حکمرانی سے ہی اس عظیم مقصد کوحاصل کیا جاسکتا ہے ۔

منصورہ میں تحریک تبدیلی  نظام پارٹی کے صدر چوہدر محمد توصیف کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیر فلسطین اور برما کے مسلمانوں کے تحفظ کیلئے حکمران کچھ نہیں کرسکے ،بے حس حکمرانوں سے کوئی توقع بھی نہیں،یہ جنگ امت نے خود لڑنی ہے،فرقہ وارانہ ،علاقائی اور قومیت کے تعصبات سے بالاتر ہوکر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے عوام متحد ہوجائیں،اسلام دشمن قوتیں ہمارے شہروں ،مساجد اور مدارس کو تقسیم کرکے ہمیں باہم دست گریبان کرنے کی سازش کررہے ہیں،امریکہ اب براہ راست حملہ کرنے کی بجائے مسلم ممالک میں فساد اور انتشار پھیلانے کیلئے مسلمانوں کو مسلکوں کی بنیاد پر لڑانے کا منصوبہ بنا کرچکا ہے،امت کو ہوشیار رہنے اور اپنے اندر چھپے ہوئے دشمن کے ایجنٹوں کو پہچاننے کی ضرورت ہے ،عالم اسلام کیلئے سب سے بڑا فتنہ علاقائی ،نسلی اورمسلکی عصبیتیںہیں،حکمران قادیانیوں کی حمایت اور سرپرستی سے باز نہ آئے تو عوام انہیں زیادہ دیر برداشت نہیں کریں گے،جماعت اسلامی ملک میں قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پیدا کرنے کی جدوجہد کررہی ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے ریڈیوپاکستان کے ملازمین کو پانچ ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کو فوری طور پر تنخواہیں ادا کی جائیں۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -