بلاول زرداری اور "مولانا " ملکی ترقی روک سکتے ہیں تو روک لیں، وزیر اعظم کرپٹ افراد کے سامنے نہیں جھکیں گے:خرم شیر زمان

بلاول زرداری اور "مولانا " ملکی ترقی روک سکتے ہیں تو روک لیں، وزیر اعظم کرپٹ ...
بلاول زرداری اور

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیرزمان نے کہا ہے کہ  ملک کی کچھ سیاسی جماعتیں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہیں لیکن پاکستان ترقی کرے گا،بلاول زرداری اور "مولانا" روک سکتے ہیں تو روک لیں،پاکستان آگے بڑھے گا اور انتشار پھیلانے والے لوگ پیچھے جائیں گے،وزیر اعظم کرپٹ افراد کے سامنے نہیں جھکیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں پر کیسز ہمارے دور کے نہیں ،ان کے اپنے بنائے ہوئے ہیں،آج وزیراعظم عمران خان کی مقبولیت بڑھ  اور پاکستان کی معیشت، خارجہ پالیسی مستحکم ہورہی ہے،ایسی صورتحال میں اپوزیشن کو اپنے لالے پڑے ہوئے ہیں،ملک کی کچھ سیاسی جماعتیں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری صاحب سندھ میں لوگ بھوک مررہے ہیں، سندھ میں بچوں کو کتے کاٹ رہے ہیں آپ کے پاس ویکسین نہیں ہے،لاڑکانہ کے لوگ ایڈز سے مررہے ہیں آپ کے پاس علاج کی سہولت نہیں ہے، نوابشاہ جہاں سے آپ کے ڈیڈی منتخب ہوئے ہیں وہاں کیا تیر مارلیا آپ نے؟ وزیر اعلی سندھ سیہون سے منتخب ہوئے کیا وہاں لوگوں کو پانی مل رہا ہے؟ کیا سکھر یا دیگر شہروں میں لوگوں کو سہولیات مل گئی ہیں؟ آپ کو شرم آنی چاہیے، ملک کو ترقی سے روک رہے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ وفاق میں پہلی حکومت آئی ہے جس کے دور میں ملک بہتری کی طرف جارہا ہے،آپ جتنی بھی کوشش کریں آصف زرداری صاحب آپ کو ناکامی ہوگی،زرداری صاحب آپ مولانا فضل الرحمان، شہباز شریف اور نواز شریف سب کو ملاکر اپنا زور آزما لیں،آپ تو ایک دوسرے کے پیٹ پھاڑ کر سڑکوں پر گھسیٹنے کی باتیں کیا کرتے تھے؟یاد رکھیں عمران خان آپ لوگوں کے آگے کبھی نہیں جھکے گا،آپ نے جو کرنا ہے کریں ملک ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام سے تین وعدے کیے وہ پورے کررہے ہیں،ایک پاکستان آگے بڑھے گا، ملک کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں گے، جو ذمہ دار ہیں وہ جیل میں جائیں گے۔پاکستان ترقی کرے گا بلاول اور مولانا روک سکتے ہیں تو روک لیں۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -