چنگ چی رکشہ پر سوار خاتون کو جنسی ہراساں کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)چنگ چی رکشہ میں سوار خاتون کو ہراساں کرنے کا ایک واقع سامنے آگیا۔گڑھی شاہو پولیس نے خاتون کو ہراساں کرنے کے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق خاتون کو ہراساں کرنے کے حوالے سے فوٹیج سامنے آئی ہے جس پر پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔مقدمہ سب انسپکٹر زبیر احمد سندھو کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔مقدمہ کے مطابق خاتون اپنے کمسن بچے کے ساتھ چنگ چی رکشہ پر سوار ہوکر جارہی تھی کہ اس دوران موٹرسائیکل FDX:558 پر سوار ملزم نے خاتون کو ہراساں کیا اور اسے اپنے ساتھ موٹرسائیکل پر بٹھانے کی کوشش کی۔ ویڈیو سامنے آنے پر سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے ملزم کے خلاف فوری مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرنے کا حکم دیا۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا کہنا ہے کہ ملزم کی جلد از جلد گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔موٹرسائیکل نمبر سے ملزم کو جلد از جلد ٹریس کرلیا جائے گا۔ خواتین کا جنسی استحصال کسی صورت برداشت نہیں۔