حضرت علی ہجویری ؒ کے افکار کو نصا ب کا حصہ بنایا جائے: مقررین

  حضرت علی ہجویری ؒ کے افکار کو نصا ب کا حصہ بنایا جائے: مقررین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(فلم رپورٹر)حضرت داتا گنج بخش کے 978واں سالانہ عرس مبارک کے موقع پرمنعقدہ سہ روزہ عالمی کانفرنس کا آخری روز صدارت وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے کی۔اس موقع پر سیکر ٹری اوقاف نبیل جاوید،ڈائریکٹر جنرل اوقاف سیدطاہر رضا بخاری اور دیگر ملکی و غیر ملکی علماء کرام و مشائخ اور سکالرز بھی موجود تھے۔وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ،سیکر ٹری اوقاف نبیل جاوید،ڈائریکٹر جنرل اوقاف سیدطاہر رضا بخاری اور دیگر ملکی و غیر ملکی علماء کرام و مشائخ اور سکالرز نے اپنے اپنے خطاب میں عصری،تہذیبی مسائل اور سیّدِ ہجویرؒ کی تعلیمات پر سیر حاصل لیکچر دیے۔اسلامی تشخص کے احیاء کے لئے سیّد ہجویری ؒکے نقشِ قدم اور نقشِ قلم سے روشنی حاصل کرنا ہوگی۔ حضرت داتا گنج بخش ؒکے حیات بخش افکار اور انقلاب آفرین فرمودات کو نصابِ تعلیم کا حصہ بنایا جائے۔ خانقاہوں کی علمی اور تہذیبی مرکزیت کو اجاگر اور تزکیہ و طہارت کے نظام کو از سرِ نو اپنایا جائے۔حضرت داتا گنج بخش ؒکے پیغام کی اس حقیقی روح اور حیات بخش افکار اور تعلیمات کو عام کیا جائے۔خانقاہی نظام کی اْس حقیقی روح کو زندہ کیا جائے، جس کے سبب خانقاہ علوم ومعارف کا مرکز اور تعلیم وتربیت کا منبع رہی۔خانقاہ جس قدر مضبوط ہوگی تزکیہ و طہارت اور پاکیزگی و شرافت اسی قدر رواج پائے گی۔اس کائنات میں ”انسانیت سازی“سب سے مشکل کام ہے۔حضرت داتا گنج بخشؒ اور دیگر کبار صوفیاء کرام نے لوگوں کے سیرت وکردار کو اسلامی منہج کے مطابق آراستہ کیا۔برصغیر کی ہزار سالہ درسیات کی تاریخ میں ”تصوف“بنیادی مضمون کے طور پر ہمارے مدارس اور مکاتب  میں نصاب کا باقاعدہ حصہ رہا۔عالمی کانفرنس کے شرکاء نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کشف المحجوب سمیت اْمہات کتبِ تصوّف کو دینی درسیات کا حصّہ بنایا جائے۔جبکہ رسمی نصاب تعلیم میں حضرت داتا گنج بخشؒ کی حیات بخش تعلیمات کو شامل کیا جائے۔پاکستان کی مقدس سر زمین پر اولیاء  و صوفیاء  نے جس حکمت و موعظت اور شفقت و جاذبیت کے انداز میں تعلیم و تربیت اور اشاعت علم کی خدمات انجام دی ہیں، اْن علمی، تعلیمی، تربیتی اور روحانی خدمات کی باقاعدہ اشاعت، ابلاغ، ترسیل اور تفہیم کا مستقل نظام تشکیل دیا جائے۔ شرکاء اس بات پر متفق رہے کہ مصائب و مشکلات سے نکلنے کے لئے حضرت داتا گنج بخشؒ کی تعلیمات سے رہنمائی لی جائے،۔ ہر سال داتا گنج بخشؒکے عرس مبارک اور یادگاری عالمی کانفرنس کے موقعہ پر داتا گنج بخش ریسرچ اینڈ پبلی کیشن ایوارڈ کی منظوری مرحمت فرمائی جائے جس کے تحت ابوالحسن علی بن عثمان ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کی مبارک حیات وتعلیمات کے بارے شائع ہونے والی اردو، انگریزی اور دیگر زبانوں میں طبع ہونے والی کتب، رسائل و جرائد اور تحقیقی مقالات پر مصنّفین، مدیران کو حوصلہ افزائی کے طور پر انعامات دیے جائیں