لاہور (مانیٹر نگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو دوستانہ کرکٹ میچ کھیلنے کی دعوت پر (ن لیگ) نے کھیلنے سے انکار کردیا، سینئر لیگی رہنما رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ہم کسی صورت گورنر ہاؤس کرکٹ کھیلنے نہیں جائیں گے۔ ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے گورنر ہاؤس میں پیپلزپارٹی کے رہنما علی حیدر گیلانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدان بھی ملک میں کرکٹ بحالی کیلئے کوشاں ہیں، اپوزیشن نیٹ پریکٹس بھی کرسکتی ہے۔فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن آج سے بادام کھانا اور ورزش شروع کر دے، اپوزیشن کے ساتھ9اکتوبر کو دوستانہ میچ کھیلیں گے، نومبر کے آخر میں میڈیا بمقابلہ پنجاب اسمبلی میچ کرائیں گے۔ فیاض الحسن چوہا ن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نیوز ی لینڈ اور برطانیہ کی ٹیم کی طرح سازش کا شکارہوکرکھیلنے سے انکار نہ کرے۔ پاکستان میں کرکٹ کے میدانوں کو آباد کرنے کے لیے ہر پاکستانی کو کردار ادا کرنا چاہیے۔ حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو کرکٹ کھیلنے کی دعوت پر پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا مشہود احمد خان کا کہنا تھا کہ ہم کسی صورت گورنر ہاوس میں کرکٹ کھیلنے نہیں جائیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا مشہود احمد خان کا کہنا تھا کہ حکومت ایک طرف ہمیں چور کہتی ہے دوسری طرف کرکٹ کھیلنے کا کہتے ہیں۔ رہنما رانا مشہود احمد خان کا کہنا تھا کہ میں نے ایک ہفتہ قبل ہی فیاض الحسن چوہان کو فون پر مشترکہ کرکٹ کھیلنے سے منع کردیا تھا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہمیری ٹیم نے حمزہ شہباز کے سٹاف سے رابطہ کر کے پہلے میچ میں شرکت کی دعوت دی۔ اب بھی پر امید ہیں کہ مسلم لیگ ن میچ کھیلے گی۔
کرکٹ میچ