پاکستان، چین سمیت تمام ممالک طالبان پر دباؤ ڈالنے کیلئے متحد ہے: امریکہ
نیویارک (این این آئی)امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے پاکستان، چین اور روس کیساتھ گفتگو کے بعد ان کا ماننا ہے دنیا، طا لبا ن پر دباؤ ڈالنے کیلئے متحد ہے۔تفصیلا ت کے مطابق انٹونی بلنکن نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے سائیڈلائن ملاقات کی تھی، چین اور روس سمیت سلامتی کونسل کے چار ویٹو طاقت رکھنے والے ممالک کے وزرا سے بھی بات چیت کی تھی۔انٹونی بلنکن نے صحافیوں کو بتایا میرا خیال ہے یہاں مقصد اور نقطہ نظر کا بہت مضبوط اتحاد ہے۔ طالبان کہتے ہیں کہ وہ قانونی حیثیت اور عالمی برادری کی حمایت چاہتے ہیں، تاہم عالمی برادری کیساتھ ان کے تعلقات کی وضاحت ان کے اقدامات کے بعد ہوگی۔انٹونی بلنکن نے طالبان کیلئے امریکہ کی افغان اور غیر ملکی شہریوں کو ملک چھوڑنے کی اجازت دینے، خواتین، بچیوں اور اقلیتوں کے حقوق کا احترام کرنے اور افغانستان کو دوبارہ انتہا پسند القاعدہ کی طرح کسی کے ہاتھوں استعمال نہ ہونے سے دینے کی ترجیحات کو دہرایا۔محکمہ خارجہ نے کہا انٹونی بلنکن نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کیساتھ گفتگو میں سفارتی روابط کو مربوط کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔پاکستان نے طالبان کیساتھ رابطہ کرنے اور افغانستان کے منجمند اثاثے بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم شاہ محمود قریشی کا رواں ہفتے کہنا تھا پاکستان کو نئی طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کی کوئی جلدی نہیں، مغربی ممالک طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے کی مخالفت کر رہے ہیں جبکہ طالبان نے گزشتہ ماہ صدر جو بائیڈن کی جانب سے امریکی فوجی انخلا کے بعد افغانستان پر قبضہ کر لیا، جو بائیڈن کا کہنا تھا دو دہائیوں سے جاری امریکہ کی طویل جنگ کو مزید وسیع کرنے کا کوئی مقصد نہیں ہے۔
امریکہ