حضرت داتا علی ہجویری ؒ کے عرس پر زائرین کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائیگی، سی سی پی او
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)لاہورپولیس نے عظیم صوفی بزرگ حضرت داتا علی ہجویری کے 978ویں عرس کی تقریبات کے موقع پر مربوط سکیورٹی پلان مرتب کرلیا ہے۔سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کے عرس کے موقع پر ملک بھر سے آنے والے زائرین کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ڈی آئی جی آپریشنز،ایس ایس پی آپریشنز،ایس پی سٹی اورمتعلقہ پولیس افسران منتظمین دربار کے ساتھ رابطے میں رہیں اورسکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔منتظمین عرس کوروناء وبا کے خطرات کے پیش نظر زائرین کو ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ اختیار کی ایس او پیز پر عملدرآمد کی تاکید کریں۔انہوں نے یہ بات گز شتہ روزدربار حضرت داتا صاحب کے دورے کے موقع پرعرس سے قبل سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے دوران کہی۔ایس پی سٹی رضوان طارق نے سی سی پی او لاہور کو سکیورٹی انتظامات بارے آگاہ کیا۔ غلام محمود ڈوگرنے کہا کہ داتا دربار کے گردونواح میں قائم ہوٹلوں،دکانوں اور گھروں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ عرس داتا صاحب اور چہلم شہادت حضرت امام حسین کے موقع پر 10ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے۔مزار اورزائرین کی سکیورٹی یقینی بنانے اور چیکنگ کیلئے واک تھرو گیٹس،میٹل ڈیٹیکٹرز اور الیکٹرک بیرئیرزکا استعمال یقینی بنایا جائے۔چیکنگ پوائنٹس پر چاق و چوبند نوجوان اہلکار تعینات کئے جائیں۔مزار داتا دربار اور گردونواح کی بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں گے جو کسی بھی قسم کی مشتبہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں گے۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ عرس کے موقع پر داتا دربار کی ملحقہ گلیاں مکمل طور پر سیل ہونگی،خار دار تاریں اور رکاوٹیں لگائی جائیں گی۔ غیر متعلقہ اشخاص کو ممنوعہ مقامات سے گذرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس ٹیمیں دربار اور ملحقہ سڑکوں پر موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں گی۔ہوٹلوں، بس اڈوں، ٹیکسی و رکشہ سٹینڈز پر کڑی نگرانی کی جائے۔ داتادربار جانے والے راستوں پر تجاوزات کا خاتمہ، سٹریٹ لائٹس کی درستگی اور روڈ پیچ ورک یقینی بنایا جائے۔ دودھ کی سبیلوں اور لنگر کی تقسیم کے وقت سکیورٹی کا خاص خیال رکھیں۔