ٹی ایل پی کارکن کا وزیر داخلہ ودیگر کیخلاف استغاثہ، وکیل سے دلائل طلب
لاہور(نامہ نگار)سیشن عدالت نے تحریک لبیک کے کارکن کی جانب سے وزیر داخلہ شیخ رشید، سابق آئی جی پنجاب انعام غنی وغیرہ کے خلاف استغاثہ دائر ہونے پرسماعت 25ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزار محمد اکرم کے وکیل سے دلائل طلب کرلئے ہیں،ایڈیشنل سیشن جج رائے محمد یٰسین شاہین نے کیس پر سماعت کی،درخواست گزار کی جانب سے شیخ رشید احمد وزیر داخلہ، نور الحق قادری وفاقی وزیر مذہبی امور، انعام غنی آئی جی پولیس پنجاب، ساجد کیانی ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، وغیرہ کے خلاف استغاثہ دائر کیا ہے،درخواست گزار کا موقف ہے کہ ہم 13 اپریل 2021 کو ناموس رسالت پر شاہدرہ میں تحریک لبیک کے زیر سایہ ریلی نکال رہے تھے، جہاں پر پولیس نے وزیر داخلہ شیخ رشید، آئی جی پنجاب انعام غنی وغیرہ کی ایماء پر لاٹھی چارج اور گولیاں برسائی، پولیس کی جانب سے گولیاں برسائے جانے پر میرے دو بھائی جاں بحق ہو گئے، اسی واقعہ میں مجھے گولی لگنے سے میرے جسم کا ایک حصہ بھی زخمی ہو گیا، گولی لگنے سے میرے جسم کا حصہ مفلوج ہو چکا ہے، پولیس میں درخواست دینے کے باوجود ایف آئی آر درج نہیں گئی، عدالت سے استدعاہے کہ الزام علہیان کو قانون کے مطابق سزا سنانے کا حکم دیاجائے۔