ڈینگی بخارصحت کے ساتھ اہم سماجی مسئلہ بھی بن گیا،الفرید ظفر

  ڈینگی بخارصحت کے ساتھ اہم سماجی مسئلہ بھی بن گیا،الفرید ظفر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)ڈینگی بخار صحت کے ساتھ ساتھ اہم سماجی مسئلہ بھی بن چکا ہے لہذا اس پر قابو پانے کیلئے معاشرے کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی، ڈینگی کی ویکسین ابھی دستیاب نہیں ہے لہذا اس بیماری سے بچاؤ کا واحد حل اپنے گردوپیش صفائی ستھرائی کو یقینی بنانا اور زیادہ سے زیادہ احتیاط کرنا ہے جبکہ ڈینگی مچھر چکن کونیا اور زیکا وائرس کا باعث بھی بنتا ہے اس امر کا اظہار پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال میں ڈینگی سے متعلق آگاہی  واک کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔


 جہاں شہریوں کی رہنمائی کے لئے پمفلٹس بھی تقسیم کے گئے۔آگاہی واک میں پروفیسر آف میڈیسن یونٹ 3پروفیسر ڈاکٹر طاہر صدیق، ڈاکٹر محمد مقصود،ڈاکٹر عمر اعجاز،ڈاکٹر جعفر حسین، ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹر سلمان شکیل سمیت ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ عوام کی بھرپور شرکت اور تعاون کے بغیر ڈینگی وبا ء  کو پھیلنے سے روکنا نا ممکن ہے جب تک ہر شہری اپنے گھر کے اندر صفائی ستھرائی اور مچھروں کی افزائش کا باعث بننے والے عوامل پر قابو پانے کی ذمہ داری قبول نہیں کرتا ڈینگی بخار لوگوں کو متاثر کرتا رہے گا۔پروفیسر طاہر صدیق کا کہنا تھا کہ حکومت، غیر سرکاری تنظیموں اور میڈیا کے باہمی اشتراک سے گزشتہ ایک دہائی سے ڈینگی کے خلاف عوامی آگاہی کی بھرپور مہمات چلا رہی ہے اور محکمہ صحت کی سرویلنس ٹیمیں گھر گھر جا کر ڈینگی کی پرورش کو روکنے کے بارے میں آگاہی اور پانی تلف کرنے کے مشورے دے رہے ہیں تاہم یہ بات افسوسناک ہے کہ اتنے سال گزرنے کے باوجود ڈینگی کی روک تھام کے سلسلے میں کمیونٹی کا کردار سر دمہری کا شکاردکھائی دیتا ہے اور جس کا ہر سال لوگوں کو احساس دلایا جاتا ہے۔ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ دنیا بھر میں ڈینگی کی روک تھام کے لئے سب سے پہلی ذمہ داری اہل خانہ کی ہوتی ہے جو اپنے گھروں کو اندر سے صاف ستھرا رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گرمی کے موسم میں استعمال ہونے والے روم کولر اس مچھر کے پیدا ہونے کی آئیدیل جگہ ہیں جس کی صفائی پر خصوصی توجہ دینا انتہائی ضروری ہے۔ پروفیسر طاہر صدیق نے مزید کہا کہ حکومتی ادارے عوامی شعورکی بیداری کیلئے تمام کوششیں کر سکتے ہیں تاہم جب تک کمیونٹی اپنا متحرک کردار ادا نہیں کرتی ہمارا معاشرہ اس مسئلہ سے دوچار رہے گا۔پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر اور پروفیسر طاہر صدیق نے ہسپتال میں آنے والے مریضوں اور لواحقین میں ڈینگی مرض سے بچاؤ کے متعلق پمفلٹس بھی تقسیم کیے اور اپیل کی کہ وہ صفائی ستھرائی کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ عام کریں۔ انہو ں نے بتایا حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق جنرل ہسپتال میں ڈینگی بخار سے متعلق تمام سہولیات و ادویات مفت دستیاب ہیں اور اس حوالے سے محکمہ صحت اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔