ڈبلیو ایس ایس پی کا اگلے ہفتے سے پوشی بخہ غلام میں آپریشن شروع کرنے کا اعلان 

ڈبلیو ایس ایس پی کا اگلے ہفتے سے پوشی بخہ غلام میں آپریشن شروع کرنے کا اعلان 

  

 پشاور(سٹی رپورٹر) خیبر پختونخوا حکومت کی منظوری کے بعد واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے اگلے ہفتے سے یونین کونسل پخہ غلام سے آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔یہ اعلان ڈبلیو ایس ایس پی نے ایم پی اے ارباب جہانداد کے حجرے میں منعقدہ تقریب میں کیا جس میں ڈبلیو ایس ایس پی حکام اور عمائدین علاقہ نے شرکت کی۔ تقریب سے ایم پی اے ارباب جہانداد،ارباب خداداد، ڈبلیو ایس ایس پی کے زونل منیجر طارق عزیز، منیجر سالیڈ ویسٹ محمد زیاد اور منیجر سی ایل سی محمد اسماعیل کے علاوہ علاقہ عمائدین عدنان خان، گل زمان اور دیگر نے خطاب کیا۔ یو سی پخہ غلام سے سیکنڈری سطح پر کوڑا کرکٹ اور گندگی جمع اور اٹھانے کے پوائنٹس کی نشاندہی کے لئے ڈبلیو ایس ایس پی کے حکام اور علاقہ عمائدین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی جو کوڑا رکھنے کے مقامات کی نشاندہی اور انتخاب کرے گی۔ رکن صوبائی اسمبلی ارباب جہانداد خان نے شہر میں ڈبلیو ایس پی کی خدمات اور کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نئی یونین کونسلوں میں صفائی کے ساتھ صاف پانی کی فراہمی پر توجہ دینا ہوگی، عوام کو بھی ہر کام کے لئے حکومت اور اداروں کی جانب دیکھنے کی بجائے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک تھیلوں، جوس ڈبوں وغیرہ نے بڑے مسائل پیدا کر رکھے ہیں جس سے آبپاشی نالوں میں رکاؤٹیں آنے کے ساتھ ساتھ پانی آلودہ ہو رہا ہے اس مسئلے پر قابو پانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پخہ غلام یونین کونسل میں ڈبلیو ایس ایس پی آپریشن کا آغاز خوش آئند ہے، عوام کو گھروں کے سامنے جگہ صاف رکھنا ہوگی۔ انہوں نے ڈبلیو ایس ایس پی کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ آپریشن کی کامیابی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے عوام عملے کا ساتھ دے تاکہ ماحول صاف ہو۔زونل منیجر طارق عزیز نے کہا کہ ابتدائی طور گھروں محلوں کا کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لئے کوڑا دان رکھے جائیں گے جس کے لئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے، کوڑا دان عوامی مشاورت سے رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئی شامل کی جانے والی یونین کونسلوں کے لئے مشینری اور آلات خریدے جارہے ہیں۔ محمد اسماعیل نے کہا کہ آپریشن کے آغاز کے ساتھ آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی جس میں عوام کو کوڑا کرکٹ اٹھانے کی اوقات اور ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا جائے گا اور انہیں عملے سے تعاون پر قائل کیا جائے گا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -