بریکوٹ سوات میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس

 بریکوٹ سوات میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)تحصیل بریکوٹ میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے لئے جائزہ اجلاس وزیر ہاؤسنگ خیبرپختونخوا ڈاکٹر امجد علی کی زیر صدارت بریکوٹ سوات میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تحصیل بریکوٹ میں جاری اور نئے منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور منصوبوں میں حائل رکاوٹوں، فنڈ کی فراہمی اور پیچیدگیوں پر غور و خوض کیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر بریکوٹ، ایکسین محکمہ پبلک ہیلتھ، سی اینڈ ڈبلیو، ایریگیشن، سب ڈویژنل آفیسر واپڈا، تحصیل میونسپل آفیسر اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں متعلقہ حکام نے وزیرِ ہاؤسنگ کو صاف پانی کی فراہمی کے آبنوشی منصوبوں، صحت عامہ کے لئے صحت مراکز کی بہتری، بہتر زراعت کے لئے ایریگیشن منصوبوں، گاؤں گاؤں روڈ انفراسٹرکچر منصوبوں، گھر گھر بجلی کی سپلائی کے منصوبوں اور تحصیل بریکوٹ کی صفائی و ستھرائی کے لئے تحصیل بیوٹیفیکیشن منصوبے میں پیشرفت پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بیشتر منصوبوں پر تیزی سے کام ہورہا ہے جبکہ بعض منصوبوں میں مسائل کی وجہ سے سست روی دیکھی گئی ہے۔ اسی طرح اجلاس میں بتایا گیا کہ تحصیل بریکوٹ کی صفائی و ستھرائی کے لئے روزانہ کی بنیاد پر کام ہورہا ہے جبکہ بیوٹیفیکیشن منصوبے پر بھی کام رواں دواں ہے۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ منصوبوں پر بروقت پیشرفت یقینی بنائی جائے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ باقاعدگی سے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لے رہے ہیں اور یہ سلسلہ مزید تیز کیا جارہا ہے۔ وزیر ہاؤسنگ کا کہنا تھا کہ منصوبوں پر پیشرفت اور معیار کا جائزہ لینے کے لئے وہ سائٹ ویزٹ بھی کریں گے۔