موجودہ حکمرانوں کی خارجہ پالیسی ناکام ترین ہے،سید خورشید شاہ
سکھر (ڈسٹرکٹ رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئراور اسیررہنما خورشید شاہ نے کہاہے کہ موجودہ حکمرانوں کی خارجہ پالیسی ناکام ترین ہے، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی واپسی فارن پالیسی کی ناکامی ہے۔جمعہ کو احتساب عدالت سکھرمیں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی واپسی فارن پالیسی کی ناکامی ہے۔ ہم کسی کے کہنے پر ترکی کانفرنس میں شرکت نہیں کرتے۔ کبھی کبھی ہم ایسے فیصلے کرتے ہیں جو نہیں کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی خارجہ پالیسی ناکام ترین ہے۔ غیر ملکی ٹیمیں ہوم گراؤنڈ میں کھیلنے کیوں نہیں آرہی؟ یہ تو ان کو پتہ ہے۔انہوں نے کہاکہ تبدیلی کے حوالے سے عمران خان بھرپور عمل کر رہے ہیں۔ ڈالر 170 پر پہنچ گیا، مہنگائی بڑھ رہی ہے اس بات کا یہ ثبوت ہے۔ لوگوں کو بیروزگار کیا جارہا ہے یہ بھی تبدیلی ہے۔ ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے یہ بھی تبدیلی ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ قرضے اتارنے کے دعوؤں کی حقیقت سامنے نہیں آرہی یہ تبدیلی ہے۔ الیکٹرونک ووٹنگ مشین پر عمل درآمد ممکن نہیں۔ پرچی بنائیں ووٹر کو دیں جو ٹھپہ لگا کر بیلٹ باکس میں ڈالے۔ ورنہ ایسا نا ہو کہ ٹھپہ لگے شیر پر اور نکلے تیر کا۔پی پی رہنما نے کہاکہ ملک کے اندر اتحاد بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں۔ اگر عمران خان عقلمند ہوتے تو ملکی مفاد میں اپوزیشن کے ساتھ بیٹھتے۔