حکومت تعلیمی نظام کو بہتر کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے: سردار علی امین گنڈا پور
ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان سردار علی امین گنڈ پور نے کہا ہے کہ حکومت تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، ڈیرہ تعلیمی بورڈ کی جانب سے امتحانی نظام کو بہتر کردیاگیا ہے، تعلیمی بورڈ کی کارکردگی لائق تحسین ہے، تعلیمی شعبے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور نمایاں نمبرات حاصل کرنیوالے طلبا و طالبات مبارکباد کے مستحق ہیں، کم نمبرات والے طلبا مایوس نہ ہوں اور مزید محنت کرکے آگے بڑھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ تعلیمی بورڈ کی جانب سے دسویں اور بارہویں کلاسوں کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں انعامات اور خصوصی شیلڈز تقسیم کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے کیا۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض چیئرمین ڈیرہ تعلیمی بورڈ پروفیسرڈاکٹر احسان اللہ اور کنٹرولر امتحانات ڈیرہ تعلیمی بورڈ ڈاکٹرطاہر اللہ جان نے انجام دیئے۔ تقریب میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان و نمائندوں، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مسرت اللہ بلوچ کے علاوہ طلبا و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈیرہ تعلیمی بورڈ کے امتحانی نتائج کے مطابق انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو(بارہویں) کے نتائج میں مجموعی طور پر لیڈز سکول اینڈ کالج ڈیرہ کے شبیب الاسد ولد ذوالفقار حسین رول نمبر36322 نے1090نمبر حاصل کرکے پہلی، اقرا سائنس سکول اینڈ کالج پہاڑ پور کے طالب علم محمد آفتاب ولد محمد نواز رول نمبر32834نے 1086نمبر حاصل کرکے دوسری جبکہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج وانا کی طالبہ عیشا علی ولد ظفر علی شاہ رول نمبر25864 اور لیڈز سکول اینڈ کالج ڈیرہ کی طالبہ ہائقہ ایزدی ولد محمد ندیم رول نمبر26417 نے 1082 نمبرز حاصل کرکے مشترکہ طور پرتیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح پری میڈیکل گروپ میں اقرا سائنس سکول اینڈ کالج پہاڑ پور کے طالب علم محمد آفتاب ولد محمد نواز رول نمبر32834نے 1086نمبر حاصل کرکے پہلی، رنمنٹ گرلز ڈگری کالج وانا کی طالبہ عیشا علی ولد ظفر علی شاہ رول نمبر25864 اور لیڈز سکول اینڈ کالج ڈیرہ کی طالبہ ہائقہ ایزدی ولد محمد ندیم رول نمبر26417 نے 1082 نمبرز حاصل کرکے مشترکہ طور پر دوسری جبکہ مفتی محمود پبلک سکول اینڈ کالج کی طالبہ ہانسہ محمود ولد لطف الرحمن رول نمبر26664اور لنز سکول اینڈ کالج ڈیرہ کے طالب علم محمد یاسر ولد سید محمد رول نمبر32399نے 1080نمبر حاصل کرکے مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پری انجینئرنگ گروپ میں لیڈز سکول اینڈ کالج کے طالب علم شبیب الاسد ولد ذوالفقار حسین رول نمبر36322 نے1090نمبر حاصل کرکے پہلی،وزڈم سائنس سکول اینڈ کالج ٹانک کے غلام رضا ولدفضل حسین رول نمبر36625 نے 1076نمبر حاصل کرکے دوسری جبکہ سینٹ ہیلن ہائیر سکینڈری سکول ڈیرہ کی طالبہ زہرہ خان ولد امین اللہ خان رول نمبر35082 نے 1068نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح میٹرک پارٹ ٹو (دسویں) کے امتحانی نتائج کے مطابق مجموعی طور پر 21260طلبا و طالبات نے حصہ لیا جن میں سے20756طلبا و طالبات پاس ہوئے اور رزلٹ کی شرح 97.63فیصد رہی اور طالبات اپنی پوزیشن کے لحاظ سے لڑکوں سے بازی لے گئیں۔ نتائج کے مطابق عمران پبلک سکول کی طالبہ میمونہ متین ولد عبدالمتین رول نمبر34508نے 1086نمبر حاصل کرکے پہلی، قرطبہ سکول اینڈ کالج کی طالبہ ایمن ابیحہ شیخ ولد شیخ فخر الدین رول نمبر34254، دی نالج ہوم سکول اینڈ کالج ڈیرہ کی طالبہ اریبہ ندیم ولد محمد ندیم خان رول نمبر34792، لیڈز سکول اینڈ کالج کے طالب علم عبدالباسط ولد عزیر سلیمانی رول نمبر48942اور لنز سکول اینڈ کالج کے طالب علم عبداللہ ظہور ولد ظہور الدین نے 1084نمبر لیکر مشترکہ طور پر دوسری اسی طرح سینٹ ہیلن ہائیر سکینڈری سکول ڈیرہ کی طالبہ زہرہ فاروق ولد محمد فاروق رول نمبر34296، خیبر پبلک سکول ڈیرہ کی طالبہ ہما وزیر ولد کریم اللہ خان رول نمبر34578اور اقرا سائنس سکول اینڈ کالج پہاڑ پور کی طالبہ طیبہ حمید ولد حمید اللہ رول نمبر35229نے 1082نمبر حاصل کرکے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مہمان خصوصی وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور نے کامیاب پوزیشن ہولڈر طلبا وطالبات میں شیلڈز تقسیم کیں۔ وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی سوچ ہے کہ کوئی غریب بھوکا نہ سوئے، پاکستان انشا اللہ خوددار ملک بن رہا ہے، ہماری آنیوالی نسلیں انشا اللہ وہ پاکستان دیکھیں گی جو بہتر ہوگا، جس میں مساوی انصاف ملے گا۔ انسانیت کی خدمت بھی عبادت ہے۔ تعلیمی شعبے میں بہتری کی وجہ سے والدین آج اپنے بچوں کو پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی بجائے سرکاری اداروں میں داخل کرا رہے ہیں۔ ڈیرہ تعلیمی بورڈ کا امتحانی نظام صاف شفاف انداز میں کام کر رہا ہے۔ اساتذہ کرام کی ڈیوٹیاں میرٹ کی بنیاد پر لگائی جارہی ہیں، اساتذہ کے تبادلوں کے دوران خالی آسامیاں پر کر رہے ہیں، جس کا مقصد کسی بھی استاد کو تنگ نہ کرنا ہے۔ دنیا میں استاد کا اہم مقام ہے، طلبا والدین اور اپنے اساتذہ کا احترام کریں، تعلیم دنیا میں اس وقت بڑا ہتھیار ہے، تعلیم پر خصوصی توجہ دے جائے۔ کنٹرولر تعلیمی بورڈ ڈیرہ ڈاکٹر طاہر اللہ جان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے محدود وسائل اور کورونا وائرس کا مقابلہ کرتے ہوئے امتحانی مرحلے کو خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے، اساتذہ کرام نے امتحانات کے انعقاد، پیپر مارکنگ سمیت دیگر مراحل میں ڈیرہ تعلیمی بورڈ سے مکمل تعاون کیا ہے۔ چیئرمین ڈیرہ بورڈ پروفیسر احسان اللہ نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور دیگر علاقوں کیلئے خوشی کا دن ہے کہ ہم دسویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر رہے ہیں۔ ہم نے ہر چیلنج کا احسن انداز میں مقابلہ کیا ہے، ہم ڈیرہ بورڈ میں انٹر بورڈ کرکٹ ٹورنمنٹ کا انعقاد کر رہے ہیں جس میں ملک بھر سے 30تعلیمی بورڈز کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔جس سے علاقے کا نام روشن ہوگا، یہ ٹورنمنٹ پہلے کراچی اور لاہور میں ہوتے تھے۔ ڈیرہ تعلیمی بورڈ کی ذاتی عمارت کیلئے وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور نے کوشش کی، ڈیر ہ شہر سے قریب ترین اراضی ہمیں جلد فراہم کردی جائے گی۔ طلبا کی سہولت کیلئے بورڈ کی عمارت میں نیشنل بنک کی برانچ بھی قائم کی جارہی ہے۔ بعدازاں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان سردار علی امین گنڈ پور نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران بتایا کہ خیبر پختونخوا میں جلد نئے وزرا حلف لے رہے ہیں، میرے بھائی صوبائی وزیر فیصل امین گنڈہ پور کو بھی وزارت دی جائے گی۔ میں عمران خان کے وژن کی وجہ ے عمران خان کے ساتھ ہوں، عمران خان کی جنگ دراصل پوری قوم کی جنگ ہے۔