معروف پاکستانی اداکار طلعت اقبال امریکہ میں انتقال کر گئے
لاہور(فلم رپورٹر)ماضی کے سینیئر فنکار طلعت اقبال امریکہ میں انتقال کر گئے۔طلعت اقبال کے انتقال کی تصدیق ان کے اہل خانہ کی جانب سے کردی گئی ہے،جن کا بتانا ہے کہ اداکار کا انتقال امریکہ میں ہوا۔ کچھ روز قبل طلعت اقبال کو جواں سالہ بیٹی سارہ کے حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کر جانے کے بعد شدید صدمہ لاحق ہوا اور ان کو ملٹی پل ہارٹ اٹیک ہوئے۔ہارٹ اٹیک کے بعد انہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے تشویش ناک حالت میں مقامی ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ اہل خانہ کے مطابق، طلعت اقبال امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں زیر علاج تھے، بتایا جارہا تھا کہ طلعت اقبال گزشتہ کئی روز سے بے ہوشی کی حالت میں وینٹی لیٹر پرتھے۔ طلعت اقبال طویل عرصے سے ٹیکساس میں مقیم تھے جبکہ طلعت اقبال نے 70 اور 80 کی دہائی میں کئی ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کئے اور فلموں میں بھی کام کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا معروف اداکار طلعت اقبال کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی ہے اور میں ان سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔طلعت اقبال مرحوم ایک ورسٹائل اور منجھے ہوئے اداکار تھے۔عثمان بزدارنے کہا کہ پرستار طلعت اقبال کے یادگار ٹی وی ڈرامے آج بھی نہیں بھولے۔اللہ تعالی مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔وزیرثقافت خیال احمد کاسترو نے طلعت اقبال کے انتقال پر دکھ اور افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی ہے مرحوم طلعت اقبال مرحوم ایک بہترین اداکار تھے۔وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو نے مزید کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
طلعت اقبال