حکمرانوں نے کراچی کو تھوڑی سی بارش میں ڈبودیا: ڈاکٹر سلیم حیدر

  حکمرانوں نے کراچی کو تھوڑی سی بارش میں ڈبودیا: ڈاکٹر سلیم حیدر

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی نااہل، کرپٹ اور قابض حکومت نے تھوڑی سی ہی بارش میں پورے کراچی کو ڈبو دیا ہے۔ کراچی کے عوام اذیت سے دوچار ہیں، پیپلزپارٹی کی قیادت اور بدعنوان وزیراعلیٰ کراچی کے عوام کی بے بسی کو انجوائے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی پیپلزپارٹی کیلئے سونے کی چڑیا بنا ہوا ہے۔ کراچی کے وسائل کو لوٹ کر کھانے والے یہ دیہاتی حکمران کسی ایک ادارے میں بھی مہاجر کو برداشت کرنے کو تیار نہیں، دیہی علاقوں کے بدعنوان اور لٹیرے افسران کو کراچی اور  حیدرآباد میں لاکر لگایا گیا ہے جو اربوں روپے کی لوٹ مار کررہے ہیں اور کراچی کی تباہی اسی لوٹ مار کا نتیجہ ہے کیونکہ یہ بدمست لٹیرے حکمران نہ تو کراچی کے عوام کو نکاسی و فراہمی آب کی سہولیات فراہم کرسکے ہیں اور نہ ہی نالوں کی صفائی، ٹرانسپورٹ کا انتظام کرسکے ہیں جس کے نتیجے میں کراچی کچرا گھر بن گیا ہے اور یہ دنیا کا سبب سے بڑا گوٹھ بنتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں تھوڑی سی بارش نے شہریوں اور خاص طورپر تاجروں کا اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے جس کی ذمہ داری قبول کرنے کو کوئی بھی تیار نہیں ہے۔ بے ضمیر اور مفاد پرست ایڈمنسٹریٹر نے کراچی کے عوام سے مزید ٹیکسوں کی منصوبہ بندی تو کرلی لیکن کراچی کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کو تیار نہیں۔ حالت یہ ہے کہ کراچی میں ایک بھی سرکاری بس یا ٹرانسپورٹ کی سہولیات حکومت کی طرف سے میسر نہیں، بلکہ پورے سندھ میں سرکاری ٹرانسپورٹ سرے سے موجود ہی نہیں ہے لیکن وزیر ٹرانسپورٹ لوٹ مار کرکے نجی ٹرانسپورٹرز کو بھی ہراساں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی عوام، مقتدر اداروں اور پالیسی ساز حلقوں سے یہ معلوم کرنا چاہتے ہیں کہ انہیں کس جرم کی سزا دی جارہی ہے، بدنام کرپٹ اور لٹیرے سب ان کے سامنے آزادانہ لوٹ مار کررہے ہیں لیکن وہ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -