افغانستان میں امن کو یقینی بنانا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے: دفتر خارجہ 

افغانستان میں امن کو یقینی بنانا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے: دفتر خارجہ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


  اسلام آباد(آن لائن)پاکستان نے افغان کابینہ میں توسیع کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مثبت قدم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ طالبان اپنے ملک میں استحکام کیلئے ایسے مزید اقدام اٹھائیں، افغانستان میں امن و استحکام کو یقینی بنانا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے ان خیالات کا اظہار دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے مختلف سیاسی گروپوں کے نمائندوں کو شامل کرکے عبوری حکومت کی کابینہ میں توسیع کو نوٹ کیا ہے، یہ مثبت سمت ہے اور ہم اْمید کرتے ہیں کہ وہ ملک میں دیرپا استحکام کیلئے اقدامات اٹھاتے رہیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے یاد دہانی کروائی کہ پاکستان، افغانستان میں معاشی اور انسانی بحران سے بچنے کیلئے عالمی برادری سے مسلسل تعمیری رابطہ قائم کرنے اور انسانی امداد بحال کرنے کا مطالبہ کررہا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ افغانستان میں امن و استحکام کو یقینی بنانا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان کے عبوری حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔ انہوں یہ یاد دہانی بھی کروائی کہ چین، روس اور پاکستان کے خصوصی نمائندوں نے طالبان و دیگر رہنماؤں سے ملاقات کیلئے کابل کا دورہ کیا تھا۔اس دورے میں علاقائی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان روابط کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی تاکہ پْرامن، مستحکم، خودمختار اور خوشحال افغانستان کے مشترکہ مقاصد کو فروغ دیا جاسکے۔ترجمان نے خطے کے ممالک کے درمیان روابط پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب تعاون اور مشاورت پر منحصر ہے، علاقائی ممالک نے افغانستان میں ہونے والی پیشرفت پر خدشات اور دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان، عالمی برادری بالخصوص علاقائی ممالک سے روابط اور مشاورت جاری رکھے گا۔عاصم افتخار نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ یہ کہا ہے کہ بلاامتیاز اور سیاسی مقاصد کے بغیر انسانی حقوق کا احترام کرنا چاہیے۔
عاصم افتخار