چین میں ڈیڑھ لیٹر کوکا کولا پینے سے آدمی کی موت واقع ہو گئی
بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین میں ڈیڑھ لیٹر کوکا کولا پینے سے آدمی کی موت واقع ہو گئی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ چینی دارالحکومت بیجنگ میں پیش آیا ہے جہاں 22سالہ نوجوان نے شدید گرمی کے سبب 10منٹ کے وقفے میں ڈیڑھ لیٹر کی کوکا کولا بوتل ختم کر ڈالی۔جس کے چھ گھنٹے بعد اس کے پیٹ میں شدید تکلیف شروع ہو گئی اور شدید سوجن آ گئی۔ اسے فوری طور پر بیجنگ کے چاﺅینگ ہسپتال لیجایا گیا جہاں چند گھنٹے بعد اس کی موت واقع ہو گئی۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس نوجوان کے دل کی دھڑکن انتہائی تیز ہو چکی تھی اور بلڈپریشر خطرناک حد تک کم ہو چکا تھا۔ وہ غیرمعمولی تیزی کے ساتھ سانس لے رہا تھا۔ غٹاغٹ اتنی زیادہ کوکاکولا پینے کی وجہ سے اسے نیوماٹوسس کا عارضہ لاحق ہو گیا جس میں مریض کی مقعد کی انتڑیوں میں بہت زیادہ گیس بھر جاتی ہے۔ اس گیس کی وجہ سے اس کے جگر کو آکسیجن کی فراہمی بہت کم ہو گئی جس سے اسے ہیپاٹک اسکیمیا (Hepatic ischemia)نامی عارضہ لاحق ہوا، جس میں جگر کام چھوڑ دیتا ہے۔اس عارضے کی وجہ سے اس کی موت واقع ہو گئی۔