آنکھوں سے پتھر کے آنسو بہانے والی لڑکی
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) کوئی بھی انسان روئے تو اس کی آنکھوں سے پانی کے آنسو نکلتے ہیں لیکن آپ کو یہ سن کر سخت حیرت ہو گی کہ بھارت میں ایک 15سالہ لڑکی پتھر کے آنسو بہاتی ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر کنوج کے مضافاتی گاﺅں گاڈیا بلی داس پور کی رہائشی اس لڑکی کی عجیب و غریب بیماری نے ڈاکٹروں کو ورطہ حیرت میں مبتلا کر رکھا ہے جو اب تک یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ لڑکی کی آنکھوں سے آنسوﺅں کی جگہ پتھر کیسے نکلتے ہیں۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ طبی اعتبار سے کسی کی آنکھ سے پتھر نکلنا ممکن ہی نہیں ہے مگر اس لڑکی کی بائیں آنکھ سے روزانہ 10سے 15پتھر نکلتے ہیں۔لڑکی کی ایک ویڈیو منظرعام پر آئی ہے جس میں اس کی بائیں آنکھ کے پپوٹے پر ایک ابھار بنا ہوتا ہے۔ ایک خاتون اس ابھار پر مساج کرتے ہوئے اسے نیچے کی طرف لاتی ہے اور آنکھ سے ایک چھوٹا سا پتھر نیچے گر جاتا ہے۔
لڑکی اپنی آنکھ سے نکلنے والا پتھر ہتھیلی پر رکھ کر لوگوں کو دکھاتی ہے اور پھر اپنے پاس جمع کیے گئے وہ تمام پتھر دکھاتی ہے جو اس کی آنکھ سے نکلے تھے۔ لڑکی کے ماں باپ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کو بے شمار ڈاکٹروں کے پاس لے کر گئے ہیں مگر تمام ڈاکٹروں نے انہیں یہ کہہ کر واپس بھیج دیا کہ طبی طور پر ایسا ممکن ہی نہیں ہے۔ واضح رہے کہ 2014ءمیں یمن کی 12سالہ لڑکی سعدیہ صالح کی ایک ویڈیو بھی منظرعام پر آئی تھی جو اسی عارضے میں مبتلا تھی اور اس کی آنکھ سے بھی پتھر نکلتے تھے۔